تل ابیب ( ویب ڈیسک ) اسرائیل کی بدنام زمانہ جیل گلبوہ سے سرنگ کھود کر 6 فلسطینی فرار ہو گئے، اسرائیلی حکام کا دعویٰ ہے کہ فرار ہونے والے میں اقصیٰ بریگیڈ کے سابق کمانڈر بھی شامل ہیں، سرنگ کی لمبائی حیران کن حد تک کئی میٹر تک پھیلی ہوئی ہے اور اس فرار کو تاریخ کا حیران کن فرار قرار دیا جا رہا ہے جو اس سے قبل صرف فلموں میں ممکن ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شمالی اسرائیل کی بدنام زمانہ گلبوہ جیل جو آئرش ماہرین کی نگرانی میں تعمیر کی گئی تھی اور اسے 2004 میں خاص طور پر ان فلسطینی یا خطرناک قیدیوں کیلئے کھولا گیا تھا جن کے فرار کا خطرہ تھا ۔ یہ جیل اپنے انتہائی بدنام زمانہ غیر انسانی قوانین کی وجہ سے مشہور ہے اور اسے دنیا کی انتہائی محفوظ ترین جیل قرار دیا جاتا ہے۔ فرار ہونے والے چھ فلسطینیوں نے انتہائی محفوظ گلبوا جیل سے ایک سرنگ کھودی جو کئی میٹر لمبی ہے ،فرار ہونے والوں میں اقصیٰ بریگیڈ کے سابق کمانڈر زکریا الزبیدی سمیت دیگر پانچ مفرور شامل ہیں جن کے نام منادیل یعقوب نافعیت ، محمد قاسم الاردہ ، یعقوب محمود قادری ، ایہام فواد کماجی ، اور محمود عبداللہ الاردہ بتائے جا رہے ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے ان مفروروں کی تلاش کیلئے علاقے میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے ، تمام مفرور عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، جیل اتھارٹی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چھ فرار ہونے والے قیدی ایک ہی سیل میں تھے ، انہوں نے کئی میٹر لمبی ایک سرنگ کھودی جس کا آخری سرا جیل کی دیواروں کے باہر چند میٹر کے فاصلے پر ملا ہے اور بلاشبہ یہ سرنگ کئی سالوں کی محنت پر محیط لگتی ہے۔ یاد رہے کہ ایسی ہی کہانی اس سے قبل ایک مشہور فلم شا شنک ری ڈیمپپشن میں بیان کی گئی۔ شا شنک ری ڈیمپپشن اسٹیفن کنگ کے ناول کی کہانی مبنی فلم تھی۔ جس میں مورگن فری مین نے مرکزی کردار ادا کیا۔ فلم کا مرکزی کردار بھی ان فلسطینی قیدیوں کی طرح جیل میں رہتے ہوئے ایک سرنگ بناتا ہے۔ وہ روزانہ اس سرنگ میں جا کر مٹی نکالتا ہے اور اس کو بعد باہر پھینک آتا ہے۔ سرنگ کی کھدائی وہ ساری ساری رات جاری رکھتا ہے جس کے لیے اس کو مہینوں لگ جاتے ہیں۔ اسی طرح جب وہ سرنگ بنانے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہاں سے فرار ہو جاتا ہے۔ اب اسرائیلی جیل سے چھ فلسطینی قیدیوں کا فرار بھی اس طریقہ پر تھا جس کو فلمی فرار کہا جا رہا ہے۔