اسلام آباد:عمران خان کیخلاف بغاوت پر اکسانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

اسلام آباد:عمران خان کیخلاف بغاوت پر اکسانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف اسلام آباد میں بغاوت پر اکسانے اور عزت نفس مجروح کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف اسلام آباد میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا، سرکار کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں بغاوت پر اکسانے اور عزت نفس مجروح کرنے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے اعلیٰ ادارے کے افسر پر الزامات لگائے، حساس اداروں کے مختلف آفیسرز کے نام لے کر انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق عمران خان اپنے مذموم ارادوں کے مقاصد کے لیے سوشل میڈیا کا بھی سہارا لیتے ہیں۔ انہوں نے اپنی تقاریر سے فوج کے مختلف گروہوں اور طبقوں میں انتشار پھیلایا۔ مقدمے کہا گیا کہ عمران خان کا یہ عمل ملک و ریاست کی سالمیت کے لیے خطرہ ہے۔ اس پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے سیکشن 124-A پی پی سی کو غیر آئینی قرار دینے کے ایک دن بعد، اسلام آباد پولیس نے عمران خان کے خلاف اسی دفعہ کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے، یہ وہی احترام ہے جو حکومت اب عدالتوں کی طرف مسلسل دکھا رہی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔