بارشیں کب اور کہاں ہوں گی؟محکمہ موسمیات نے بتادیا

بارشیں کب اور کہاں ہوں گی؟محکمہ موسمیات نے بتادیا
کیپشن: بارشیں کب اور کہاں ہوں گی؟محکمہ موسمیات نے بتادیا

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی جبکہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ شمال مشر قی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش  ہوئی، بارش کے باعث شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، بارش سے جڑواں شہروں میں جل تھل ایک ہو گیا۔حالیہ بارشیں مون سون کے تیسرے سپل کا حصہ ہیں۔رواں ہفتے ملک بھر میں مزید بارشیں ہوں گی۔

  محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخو پورہ، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، فیصل آباد، سر گو دھا، بھکر اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور حافظ آباد میں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، صوابی، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرم، اورکزئی، وزیرستان اوربنوں میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، دیر، سوات، مالاکنڈ، صوابی، نوشہرہ، مردان، پشاور اور باجوڑ میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

پشاور
خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور اور گردونواح میں گہرے بادلوں کا بسیرا ہے، جہاں ہلکی ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے ساتھ گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں صبح کے وقت درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے۔

 بلوچستان

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور حبس رہے گا تاہم خضدار، لسبیلہ، آواران، موسیٰ خیل، ژوب، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، قلات اور بارکھان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ

سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور حبس رہے گا تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

کراچی

کراچی میں مطلع ابر آلود ہے، آسمان پر بادلوں کے ڈیرے ہیں، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار، مزید بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔

ملک بھر میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر

ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار بہتر ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 18 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

جڑواں شہروں میں رین ایمرجنسی نافذ 

جڑواں شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے،واسا راولپنڈی نے شہر میں موسلادھار بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف نے نکاسی آب کیلئے ہیوی مشیبنری و عملہ نشیبی علاقوں میں تعینات کردیا  ہے۔نالہ لئی کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے تاہم ابھی نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، نالہ میں کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 4 فٹ ہے۔

ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ کمیٹی چوک انڈر پاس میں ٹریفک رواں دواں ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور 45 ملی میٹر گولڑہ 30 ملی میٹر ، پی ایم ڈی 11 ملی میٹر ، شمس آباد 16 ملی میٹر جبکہ سید پور کے مقام پر 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔محکمہ مو سمیات نے بارشوں کا سلسلہ دو دن تک جاری رہنے کی پشین گوئی کی ہے۔

ملک بھر میں مون سون بارشوں سے تباہی،خیبرپختونخوا اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر

ملک بھر میں مون سون عروج پر ہے، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تباہی مچادی، بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ حب ڈیم میں سیلابی ریلوں کی آمد جاری ہے، پانی میں 7 فٹ تک کا اضافہ ہوگیا، مہانڈری میں درجنوں ہوٹل جھیل کی زد میں آگئے، دریائے کنہار میں بننے والی جھیل سے 18دکانیں تباہ ہوگئیں۔

ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے مختلف علاقوں میں مون سون بارش کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع بارش کی لپیٹ میں ہیں۔

بلوچستان
بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی ہے جبکہ چترال میں ایک ماہ کے لیے ہنگامی حالت نافذ کردی گئی، دریائے ناڑی، تلی ندی، لہڑی ندی میں سیلابی کیفیت ہے۔

سبی، اوستہ محمد، جھل مگسی، نصیرآباد اور بولان،جعفرآباد، ڈیرہ اللہ یار میں متاثرہ علاقوں سے تاحال پانی نہیں نکالا جاسکا۔

ضلع حب اور لسبیلہ میں سیلابی ریلوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، زیارت شہر و ملحقہ علاقوں میں سیلابی ریلےگھروں میں داخل ہوگئے جبکہ چینہ مارکیٹ میں ایک میڈیکل اسٹور سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔

بلوچستان میں 20 جولائی سے اب تک آسمانی بجلی گرنے اور دیگر واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں مویشی مرگئے اور کئی ایکڑ پر فصل تباہ ہوگئی۔

اپرچترال
اپرچترال میں بارشوں سے گلیشیئر پھٹنے اور سیلابی ریلوں سے تباہی مچ گئی، جس کے بعد بحالی کا کام جاری ہے، ایک ماہ کے لیے ہنگامی حالت نافذ کردی گئی جبکہ بونی سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔

مسلسل بارشوں کے باعث شاہراہ کاغان مہانڈری کے مقام پر بند ہے، سیاحوں کی ناران اور کاغان آمد پر پابندی لگادی گئی جبکہ دریائے کنار میں بننے والی جھیل میں کئی ہوٹل بھی ڈوب گئے۔

ایبٹ آباد
ایبٹ آباد شہر سمیت گردونواح میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث موسم خوش گوار ہو گیا جبکہ شدید بارش کے باعث پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

بارش سے شاہراہِ ریشم سمیت دیگر سڑکیں زیر آب تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی معطل ہوگئی جبکہ ٹی ایم اے اور کینٹ بورڈ کی جانب سے نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پانی سڑکوں پر آ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ اگلے 2 دن وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

موسم کی خرابی کے باعث ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول جاری

حالیہ بارشوں اور موسم کی خرابی کے باعث ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول جاری،پاک بزنس ایکسپریس آج لاہور سے کراچی کیلئے تاخیر سے روانہ ہوگی۔پاک بزنس ایکسپریس 34-ڈاون لاہور سے کراچی کیلئے سہ پہر 4 بجے کی بجائے 4 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی. کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کو جانے والی باقی تمام ٹرینیں اپنے مقررہ اوقات کار کے مطابق رواں دواں ہیں۔

Watch Live Public News