پبلک نیوز: وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس میں آنجہانی سری لنکن شہری پریانتھا کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کی تقریب سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ سیالکوٹ بزنس کمیونٹی نے آنجہانی سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے اہلِ خانہ کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی امداد جمع کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک عدنان کی بہادری پر ہمیں فخر ہے ، ملک عدنان نے سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کی ، ایک با اخلاق شخص پوری فوج ہوتا ہے ، ملک میں رول ماڈل کی بہت ضرورت ہوتی ہے.
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دین اسلام کے نام پر کسی نے ظلم کیا تو اسے نہیں چھوڑیں گے ، مجھے امید ہے کہ ہمارے نوجوان ملک عدنان کو یاد رکھیں گے ، انسانوں کے معاشرے میں کمزور طبقے کی جگہ ہو تی ہے ، جانوروں کے معاشرے میں کمزور کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوتی . یہ کون سا انصاف ہے کہ آپ نے الزام لگایا اور خود ہی جج بن گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے پر سارے پاکستان نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اب آگے ایسا نہیں ہونے دینا۔