سکھر ( پبلک نیوز) روہڑی کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار ٹرالے کے بریک فیل، حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی شاہراہ پر روہڑی کے قریب یہ خوفناک ٹریفک حادثہ ٹرالے کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے ڈرائیور توازن سنبھال نہ سکا اور ٹرالا حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس حادثے میں ایک نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ ایک خاتون دو بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ زخمیوں اور ہلاک ہونیوالے نوجوان کی لاش ہسپتال منتقل کردی گئی ہے، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ حادثے کے شکار تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو مورو سے پنجاب جا رہے تھے۔