ویب ڈیسک: (دانش منیر) حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی۔ پنجاب میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکومت پنجاب نے صوبے میں ہفتہ 23 نومبر سے سوموار 25 نومبر تک 3 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے جمعرات کو اپنے 18ویں اجلاس میں دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش کی تھی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا۔ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی جلوس دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔
شرپسند عناصر عوامی اجتماع کی آڑ میں ریاست مخالف سرگرمیوں سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔