اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے لتا منگیشکر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برصغیر حقیقی معنوں میں ایک عظیم گلوکارہ سے محروم ہو گیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے لکھا کہ لتا منگیشکر کی وفات سے برصغیر صحیح معنوں میں دنیائے موسیقی کی عظیم آوازوں میں سے ایک سے محروم ہو گیا۔ ان کی آواز اور گانے دنیا بھر میں بے شمار لوگوں کی تفریحِ طبع کا وسیلہ بنے۔ خیال رہے کہ بھارت کی بلبل کہلانے والی عالمی شہرت یافتہ نامور گلوکارہ لتا منگیشکر انتقال کر گئی ہیں۔ https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1490340272781213699?s=20&t=V45l1KYcfhuZO1Gc2EQ1jw گلوکارہ نے صرف 5 برس کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کیا اور اپنا پہلا گانا 1942 میں ریکارڈ کرایا۔ 1929 میں پیدا ہونے والی 92 سالہ گلوکارہ کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے 9 جنوری کو ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ تادم مرگ زیر علاج رہیں۔ گذشتہ روز لتا منگیشکر کی طبیعت بگڑنے کے باعث انہیں دوسری مرتبہ آئی سی یو منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لتا منگیشکرکے متعدد اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور وہ کئی ہفتوں سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔ لتا منگیشکرکےانتقال پر بھارت میں دو روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور لتا منگیشکرکی یاد میں بھارتی پرچم بھی دو دن تک سرنگوں رہے گا۔