سیاسی قیادت کا دلیپ کمار کی وفات پر افسوس کا اظہار

سیاسی قیادت کا دلیپ کمار کی وفات پر افسوس کا اظہار
اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان کی مرکزی سیاسی قیادت کی طرف سے برصغیر کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی وفات پر گہرے رنج و الم وا اظہار کیا گیا ہے ، صدر مملکت عارف علوی ، پیپلز پارٹی کے چیر مین بلاول بھٹو زرداری ، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر سیاسی قیادت نے ان کے آخری سفر کے آسان ہونے کیلئے دعائیں کیں۔ تفصیلات کے مطابق پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دلیپ کمار فنِ اداکاری کا ایک عہد تھا، جو تمام ہوا، دلیپ کمار جیسے عظیم اداکار کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا ناقابلِ پر رہے گا، ان کا فن لازوال ہے،سائرہ بانو سے تعزیت اور ان کے لیئے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں، دلیپ کمار کے پرستاروں سے بھی تعزیت کرتا ہوں۔ صدرمملکت عارف علوی نے برصغیر کے نامور اداکار دلیپ کمار کی وفات پر ٹویٹ میں لکھا کہ مرحوم بہترین اداکار، ایک عاجز انسان اور عظیم شخصیت تھے، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ پشاور کا یوسف خان بالی ووڈ میں دلیپ کمار بن کر فن کے آسمان پر برسوں چھایا رہا اور آج لیجنڈ کی صورت دنیا سے رخصت ہوا ،یوسف خان کا فنی سفر فلمی دنیا کا یادگار ترین دور ہے جس میں انہوں نے ناقابل فراموش کردار نبھائے، ان کی بعض فلموں کو جتنی شہرت ملی، ویسی پزیرائی کسی اور کو نہ مل سکی ۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ دلیپ کمار باکمال صلاحیتوں کے حامل فنکار اور منکسرالمزاج شخصیت کے ملک تھے ،فن کے لیے دلیپ کمار کی خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، دلیپ کمار ایک کامیاب فنکار کے ساتھ ساتھ ایک بہتر ین انسان دوست شخص بھی تھے، غم کی اس گھڑی میں ہم دلیپ کمار اور انکی فیملی کے غم میں برابر کے شر یک ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ دلیپ کمار نے کئی دہائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کیا، دلیپ کمار کے انتقال سے فلم انڈسٹری کے عہدکا خاتمہ ہوا ہے، دلیپ کمار نے اپنی اداکاری کے انمنٹ نقوش چھوڑیے ، دلیپ کمار کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اورتعزیت کرتے ہیں۔