ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی میڈیا میں بھارتی فوج کے نام نہاد ڈوزئیر کے اجرا کی رپورٹس کاجائزہ لیا ہے، بھارتی فوج کے نام نہاد ڈوزئیر میں پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے. ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشت گردی میں پاکستان کو ملوث کرنے کی کوشش کی گئی، پاکستان جھوٹے اور خود ساختہ ڈوزئیر کو یکسر مسترد کرتا ہے، نام نہاد ڈوزئیر جعلی اور غلط معلومات کے ساتھ ان اداروں نے گھڑا جو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی سے دنیا کی توجہ ہٹانے چاہتے ہیں. بیان میں مزید کہا گیا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ حالیہ دنوں میں ایسے کئی واقعات سامنے آئے جہاں بی جے پی اور تشدد کی آگ بھڑکانے والوں کا تعلق ثابت ہوا، پاکستان باقاعدہ سے دنیا کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت شئیر کرتا رہا ہے.