لاہور ہائی کورٹ میں پولیس کی غفلت سے دو انسانی سمگلر عبوری ضمانت خارج ہونے پر بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔ جسٹس سردار احمد نعیم نے عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ملزمان کی ضمانت خارج کی، تاہم ملزم رمضان اور ملزم ذیشان قومی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اہکار کے ہاتھوں سے بھاگ نکلے۔ ایف آئی اے کے سب انسپکٹر امانت علی نے ایک ملزم ذیشان کو پکڑ لیا تاہم ملزم نے زور زبردستی کی اور بھاگنے میں کامیاب ہو گیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں موجود دیگر ایف آئی اے اہلکاروں نے بھی ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے تھانہ اینٹی ہیومن ٹریفک سرکل میں انسانی سمگلنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان نے بیرون ملک بھجوانے کا لالچ دے کر 14 لاکھ روپے لئے تھے۔