اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے مہنگا ہوکر 205 روپے کا ہوگیا ہے۔ اس سے قبل انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں 202 روپے پچاس پیسے کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔ ڈالر کی قیمت میں صرف دو گھنٹوں کے دوران 2 روپے چوالیس پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ روز کاروباری ہفتے کے پہلے دن انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں دو روپے چودہ پیسے اضافہ دیکھا گیا، اس کے بعد انٹربینک میں ڈالر کی قدر دو سو روپے چھ پیسے ہو گئی تھی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر دو روپے پچاس پیسے مہنگا ہو کر دو سو ایک روپے پر فروخت ہوا تھا۔ انٹربینک میں برطانوی کرنسی پاؤنڈ کی قدر میں بھی دو روپے تین پیسے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد اس کی قدر دو سو اکیاون روپے چھ پیسے ہوگئی تھی۔ گذشتہ ماہ پاکستانی کرنسی روپیہ تاریخی تنزلی کا شکار ہوا تھا لیکن تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے بعد اس کی قدر میں ایک مرتبہ پر بلندی دیکھی گئی تھی۔ پچھلے ہفتے روپے کی قدر میں عارضی اضافہ ہونے کے بعد امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کا پاکستانی روپے پر دباؤ برقرار رہے گا۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) سے پاکستان کو قرض حاصل ہونے کے بعد امریکی کرنسی میں نمایاں تنزلی اس وقت مشکل نظر آ رہی ہے۔