ویب ڈیسک: کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان ہے جس کے باعث سرمایہ کار پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران 1425 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 72 ہزار437 پوائنٹس کی سطح پر آگیا ہے۔
رواں ہفتے ہنڈرڈانڈیکس میں 4 ہزار پوائنٹس کی کمی ہوئی ۔مندی کی وجہ آنے والے بجٹ میں اضافی ٹیکس لگے گا،بجٹ میں کئی سیکٹرس پر مزید ٹیکس کے امکانات کے باعث مندی دیکھی جا رہی ہے۔
حکومت کی جانب سے جی ایس ٹی 18 فیصد پر فکس کرنے کے امکانات ہیں جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں شئرز ہولڈرز پر کیپیٹل گین ٹیکس مزید بڑھنے کا امکان ہے اور ڈویڈنڈ حاصل کرنے والے شیئر ہولڈرز پر ٹیکس بڑھنے کے امکانات ہے۔انویسٹرز کی جانب سے شیئرز کی فروخت کے باعث مندی دیکھی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل چوتھے روز مندی کا رجحان رہا تھا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر معمولی مثبت رجحان دیکھا گیا تاہم کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہوا جس کے باعث 100 انڈیکس 356 پوائنٹس کی کمی کیساتھ 73 ہزار 862 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشاہدہ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مارکیٹ پر فروخت کا دباؤ ہے جس سے خاص طور پر بینک، کھاد، ایکسپلوریشن، پیداواری اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص پر اثر پڑا ہے۔