(ویب ڈیسک)اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویرالیاس کو رہا کردیا تاہم مقدمےمیں نامزد ان کے تینوں بیٹوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے سردارتنویرالیاس کے بیٹوں کے خلاف تھانا مارگلہ میں مقدمہ درج کیا تھا۔ شہری شیراز خان نے سردارتنویرالیاس کے بیٹوں کے خلاف تشدد کرنے پر مقدمہ درج کرایا۔
ذرائع کے مطابق پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لئے پہنچی تو سردارتنویرالیاس نے مزاحمت کی جس پر سردارتنویرالیاس کو گرفتارکرلیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے تنویرالیاس کوچھوڑدیا تاہم مقدمےمیں نامزد ان کے تینوں بیٹوں کو گرفتار کرلیا۔مقدمے میں نامزد تنویرالیاس کے بھتیجے عفیف صغیر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
دوسری جانب ترجمان تنویرالیاس کا کہنا تھاکہ پولیس بے بنیاد مقدمات بنا کر تنویرالیاس اور ان کےگھروالوں کوتنگ کررہی ہے۔
ترجمان کے مطابق سابق وزیراعظم آزادکشمیر اور ان کی فیملی پربےبنیاد مقدمات کا اندراج قابل مذمت ہے۔