لاہور (پبلک نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کا جیتنا ایسا ہی ہے کہ اکیلا گھوڑا ریس میں دوڑے اور جیت کر کہے کہ میں کامیاب ہوں۔جتنے ممبران دکھائے گئے ٗ اتنے شاید اسمبلی میں موجود بھی نہیں تھے۔ پی ڈی ایم نے بائی الیکشن میں ثابت کیا کہ حکومت سے عوام کا دل بھر چکا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو معلوم ہے کہ وہ کمزور ہیں اور انہیں حمزہ شہباز شریف جو قائد حزب اختلاف ہیں پنجاب اسمبلی میں انہیں دو سال تک جیل میں رکھنا پڑا تاکہ ان کی مانگے تانگے کی حکومت چل سکے۔ میں آج حمزہ شہباز شریف کیساتھ تاریخی کامیابی کی خوشی بانٹنے آیا تھا کہ ہم نے پاکستان کی تاریخ میں قومی اسمبلی میں حکومت وقت کو ہرا دیا ہے۔اس کٹھ پتلی نظام کو بے نقاب کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم انشاء اللہ جو بھی قدم اٹھائیں گے ٗ آنے والے وقت میں بھی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم کے تحت ہم مل جل کر فیصلے کریں گے۔ ہمارا مقصد ہے کہ ہم نے اس ملک کی عوام کی ریلیف پہنچانا ہے۔ جو مہنگائی کی سونامی میں اس وقت ڈوب رہی ہے عوام ٗ وہ صرف اس لئے اس مشکل میں ہے کہ پنجاب میں اور اوپر وفاق میں کٹھ پتلی ٗ نالائق حکومت مسلط کی گئی ہے۔بلاول بھٹونے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ عوام جب خود مختار ہوتے ہیں ٗ جب عوامی نمائندے بااختیار ہوتے ہیں تو پھر ایسے نمائندے منتخب ہوتے ہیں جو عوام کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ ہم نے سڑکوں پر بھی سیاست کرنی ہے لیکن ہم نے پارلیمان ٗ سینٹ میں بھی سیاست کرنی ہے اور ہم وہ جگہ خالی نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کے لیے ان کے صدر نے ہی کہا جس پر عمران خان نے جعلی ووٹ ڈلوائے ٗپنجاب میں سب سے بڑی جماعت ن لیگ ہے انکے اتحادی رہیں گے۔ماضی کے سینٹ الیکشن سے کافی سیکھا ہے ٗصادق سجرانی کو ہرانے کے لیے پی ڈی ایم کا پلیٹ فارم موجود ہے ٗعمران خان کو وزیر اعظم بنتے ہوئے بھی کسی نے آزادی سے ووٹ نہیں دیا اور نہ ہی کل دیا ٗعوام اور پارلیمنٹ کی طاقت سے پی ڈی ایم کامیاب ہوگی۔ حمزہ شہباز نے اس موقع پر کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کی ذات کا شکر ادا کرتا ہوں کہ دو سال بعد آپ سے بالمشافہ گفتگو کر رہا ہوں ٗ بلاول بھٹو صاحب گھر پر آئے ہیں ٗ انہوں نے مجھے رہائی کی مبارکباد دی۔ آج بہت سے معاملات پر ہماری گفتگو ہوئی ہے۔ پی ڈی ایم کے مقاصد صرف لانگ مارچ یا عدم اعتماد نہیں ہے بلکہ تین سال میں ملک کا ہر حشر کر دیا گیا ہے اس کو دوبارہ ٹھیک کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج میں اخبار میں پڑھ رہا تھا کہ شہباز شریف کے دور میں کینسر کی جو ادویات مفت ملتی تھی آج مریض مارے مارے پھر رہے ہیں اور ان کو دوائیاں میسر نہیں ہیں۔ اس حکومت کو کمپنی کے ساتھ دوبارہ معاہدہ نہیں کیا۔ کوڑے کے انبار نظر آرہے ہیں ٗ کاٹن پروڈکشن کم تر ہے ٗ گنے کی پیداوار بہت کم ہو چکی ہے ٗ گندم کی پیداوار کم ترین ہے۔ ملک کی معیشت کا حال آپ سب کے سامنے ہے۔