راولپنڈی : پاکستان سپر لیگ 8 کے 23ویں میچ میں پشاور زلمی نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کی اور 19 اعشاریہ 3 اوور میں 207 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پشاور زلمی کے صائم ایوب نے 68، کپتان بابر اعظم نے 50 اور ٹام کوہلر نے 36 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔ لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی نے 4، زمان خان، حارث رؤف اور راشد خان نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز 19 اعشاریہ 4 اوورز میں 172 رنز بنا سکی۔ لاہور قلندرز کے طلعت حسین نے 63، کپتان شاہین آفریدی نے 52 اور سکندر رضا نے 20 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے وہاب ریاض اور ارشد اقبال نے 3،3 جبکہ عظمت اللّٰہ نے 2 اور عامر جمال نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔