ہمارے پاس عمران خان کی کوئی ویڈیو موجود نہیں

ہمارے پاس عمران خان کی کوئی ویڈیو موجود نہیں
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس عمران خان کی کوئی ویڈیو موجود نہیں ہے اور نہ ہی ہمارا ایسا کوئی ارادہ ہے۔ ایک نجی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسی تھرڈ ڈگری اور گھٹیا سیاست کرنے کی قطعی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ عمران خان کیخلاف ان کی ساڑھے تین سالہ حکومتی کارکردگی کا ریکارڈ ہی عوام کو دکھانے کیلئے بہت ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کرپشن اور نالائقیاں کےٹو کے پہاڑ جتنی بڑی ہیں۔ اگر ثبوت ہوں تو ان کا ٹھکانہ جیل ہے۔ ہمیں ان کیخلاف کسی اور چیز کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مسجد نبوی ﷺ میں جو حرکت کی، اس پر ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ اس ایک واقعے کی وجہ سے سعودی عرب نے پاکستانیوں پر سختیاں شروع کر دی ہیں۔ غیر ملکی سازش کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن حکومت کا اختیار نہیں، ہم صرف انکوائری کمیشن ہی بنا سکتے ہیں۔ تمام تفتیش صاف اور شفاف طریقے سے سرانجام دے کر اسے قوم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان جوڈیشل کمیشن کا قیام چاہتے ہیں تو عدالت سے رجوع کریں۔ چیف جسٹس آف پاکستان کو اس معاملے پر پہلے ہی مراسلہ بھیجا جا چکا ہے۔ اگر وہ سمجھتے ہیں تو کمیشن کا قیام عمل میں لا سکتے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔