'محنت اور خون پسینا ایک کرنے سے ہمارا بھکاری پن ختم ہوگا'

'محنت اور خون پسینا ایک کرنے سے ہمارا بھکاری پن ختم ہوگا'
شانگلہ : وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کب تک ہم کشکول لے کر پھریں گے ،ایسے عزت نہیں ملتی، 75 سال گزر گئے ، محنت اور خون پسینا ایک کرنے سے ہمارا بھکاری پن ختم ہوگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے شانگلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کا یہ میرا پہلا دورہ ہے، آج نواز شریف کے شیر کے گھر آیا ہوں۔جب تک جان ہے دن رات انتھک کام کروں گا اور انشااللہ خیبر پختونخوا کو عظیم صوبہ بنا کر دم لوں گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختوانخوا میں اتنا عرصہ پی ٹی آئی کی حکومت رہی کتنے اسپتال بنے اور مفت علاج کیے گئے؟ کے پی وزیراعلیٰ عوام کو سستا آٹا فراہم کریں، اگر کر دیں گے تو شکر گزار ہوں گا، نہیں کریں گے تو اپنے کپڑے بیچ کر آٹا سستا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اگلے ایک دو دن میں آٹے کی جو قیمت پنجاب میں ہوگی وہی کے پی میں ہوگی۔ملک جب ترقی کرے گا جب پنجاب کے ساتھ خیبرپختونخوا بھی ترقی کرے گا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غداری اورحب الوطنی کے سرٹیفکیٹ بانٹے جارہے ہیں، عمران خان اپنی تقریروں میں چار سالہ کارکردگی کی بات نہیں کرتا۔ پی ٹی آئی حکومت نے تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے، 4 سال میں 24 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا مگر ایک اینٹ نہیں لگائی، 4 سالوں میں مہنگائی سب سے اوپر گئی، انہوں نے وقت پر گیس اور آئل نہ منگوایا جس سے معیشت تباہ ہوگئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ کب تک ہم کشکول لے کر پھریں گے اور بھیک مانگیں گے،ایسا کرنے سے عزت نہیں ملتی، 75 سال گزر گئے ،رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا،محنت اور خون پسینا ایک کرنے سے ہمارا بھکاری پن ختم ہوگا۔ وزیر اعظم نے بشام کو 2 ارب گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا، شانگلہ میں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان بھی کیا، اس کے علاوہ وزیر اعظم نے پوران گرڈاسٹیشن3 ماہ میں بنانےکا بھی اعلان کیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔