ملکی مسائل کا حل یہ ہے کہ تم جیل جاؤ، مریم اورنگزیب

ملکی مسائل کا حل یہ ہے کہ تم جیل جاؤ، مریم اورنگزیب
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا حل یہ ہے کہ تم جیل جاؤ،ملک کیخلاف سازش پر تمہیں سزا ہو۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فارن ایجنٹ کا بیان سُن کر لگتا ہے فارن ایجنٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کی برطانوی بادشاہ کے ساتھ ویڈیو دیکھ لی ہے، ملکی مسائل کا حل یہ ہے کہ تم جیل جاؤ اور ملک کے خلاف سازش، جھوٹ اور چوریوں پر تمہیں سزا ہو ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمہارا شر، زہر، غلیظ ذہنیت، معاشرے میں عدم برداشت اور تشدد پیدا کررہا ہے، ملک کو تم جیسا فراڈ، فتنہ، فساد، انتشار اور خلفشار نہیں روٹی، روزگار اور کاروبار چاہیے،ملک میں انتہا پسندانہ رویوں کی وجہ تم ہو جس کی وجہ سے آج جتھوں کے ہاتھوں لوگوں کا قتل ہو رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان، کبھی کشمیر، کبھی اسلام پر گھٹیا سیاست کرتے آ رہے ہو اور آج بھی کر رہے ہو ، مودی کی کامیابی کی دعائیں کرنے والے کی باتیں سنو؟ ، فارن ایجنٹ نے فتنہ، فساد اور انتشار کی کال صرف چین کے وزیرِ خارجہ کو دیکھ کر دی ہے ۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فارن ایجنٹ نے فتنہ، فساد اور انتشار کی کال صرف شہباز شریف کی بادشاہ چارلس کے ساتھ ویڈیو دیکھ کر دی ہے ، سی پیک پر کام کی رفتار تیز ہوتے ہی فارن فنڈڈ ایجنٹ کو پاگل پن کا دورہ پڑ گیا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے کامیاب دورہ بھارت اور بھارتی وزیر خارجہ کو جواب کے بعد عمران خان مکمل پاگل ہو گیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ کے بادشاہ سمیت عالمی راہنماؤں سے ملاقات کر ر ہے ہیں، شہباز شریف کیا کر رہے ہیں، تم دیکھ نہیں سکتے کیونکہ تم نے سر پر کالی بالٹی پہنی ہوئی ، ملک میں عدم برداشت پھیلانے والے کی وجہ سے آج پاکستان کے اندر جتھے قاتل بن گئے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تم 2013 سے احتجاج اور سڑکوں پر ہو اور رو رہے ہو ، مستقبل میں بھی اسی طرح روتے اور پیٹتے ہی رہو گے، الیکشن ضرور ہوگا لیکن تم کبھی سلیکٹ نہیں ہو سکو گے کیونکہ نہ فیض ، نہ کھوسہ ، نہ ثاقب نثار اور نہ ہی باجوا ، سڑکوں پہ نہیں عدالت جاؤ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔