ابوظہبی: غیر ملکی میڈیا کے مطابق شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی کے پچ کیوریٹر موہن سنگھ اتوار کو اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان میچ کے لیے پچ بھی موہن سنگھ نے بنائی تھی۔ اس پیشرفت سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ موہن سنگھ نے مبینہ طور پر خودکشی کی ہے، جب کہ انتظامیہ نے موت کے پیچھے کی وجہ جاننے کے لیے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
36 سالہ موہن سنگھ کا تعلق بھارت سے ہے۔ موہن ستمبر 2004 میں موہالی کے پنجاب کرکٹ اسٹیڈیم میں ہندوستان میں کیوریٹر کے طور پر تربیت حاصل کرنے کے بعد ابوظہبی آئے، جہاں وہ 1994 سے ملازمت کر رہے تھے، پہلے وہ گراؤنڈ سپروائزر کے ساتھ ساتھ ٹینس سمیت متعدد کھیلوں میں کوچز کی مدد کرتے تھے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اس وقت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جاری ہے اور آج بھی ابوظبی افغانستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے۔