پبلک نیوز: بلوچستان میں خوفناک زلزلے نے تباہی مچا دی۔ 22 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہو گئے، کوئٹہ، سبی، ہرنائی، پشین، قلعہ سیف اللہ ، چمن، زیارت اور ژوب سمیت کئی علاقوں میں رات 3 بج کر 2 منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی، متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ تفصیلات کے مطابق رات 3 بج کر 2 منٹ پر بلوچستان کے مختلف علاقے زلزلے سے لرز اٹھے۔۔وئٹہ، سبی، ہرنائی، پشین، قلعہ سیف اللہ، چمن، زیارت اور ژوب سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی، مرکز ہرنائی اور گہرائی 15 کلو میٹر تھی۔ سب سے زیادہ جانی ومالی نقصان ہرنائی میں ہوا جہاں متعدد مکانات تباہ ہوگئے اور سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ کئی افراد ملبے تلے دب گئے، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ ہرنائی کے 15 کلومیٹر تک کے علاقے میں مکانات تباہ ہوگئے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات ہوئے۔ پہاڑی تودے گرنے سے طورغر میں ہرنائی شاہراہ اور ہرنائی سنجاوی شاہراہ بند ہو گئی۔ زلزلے کے بعد بلوچستان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث ہرنائی میں امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا ہے۔ ایف سی، لیویز اور پولیس بھی امدادی کارروائیوں میں شریک ہے۔