تحریک انصاف کااسلام آباد جلسے کاپلان اے، بی اور سی تیار،گنڈاپورقیادت کریں گے

 تحریک انصاف کااسلام آباد جلسے کاپلان اے، بی اور سی تیار،گنڈاپورقیادت کریں گے
کیپشن: تحریک انصاف کااسلام آباد جلسے کاپلان اے، بی اور سی تیار،گنڈاپورقیادت کریں گے

ویب ڈیسک: تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت نے کل اسلام آباد میں جلسے کے ہر صورت انعقاد کیلئے پلان اے، بی اور سی تیار کرلیا۔عہدیداران اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی 8 ستمبر کے جلسے کی  تیاریاں جاری ہیں،پی ٹی آئی سینیئر رہنما عامر ڈوگر سمیت دیگر قیادت جلسہ گاہ میں موجود ہے،مرکزی اسٹیج کیلئے کنٹینرز جلسہ میں پہنچا دیئے گئے۔کارکنان بھی پارٹی پرچم اور ٹوپیاں پہنے جلسہ گاہ میں موجود ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کا 8 ستمبر اسلام آباد میں جلسہ،لاہور تنظیم کے عہدیداران اسلام آباد روانہ ہوگئے،پی ٹی آئی لاہور تنظیم کے کچھ عہدیداران گزشتہ روز روانہ ہوچکے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے اراکین اسمبلی آج اسلام آباد روانہ ہوں گے،پی ٹی آئی کارکنان بھی آج شام اسلام آباد روانہ ہوں گے،پی ٹی آئی کارکنان قافلوں کی بجائے انفرادی طور پر روانہ ہوں گے۔

  پی ٹی آئی جلسہ؛ کے پی سے بلڈوزر،کرین، شیلنگ سے بچاؤ کا سامان لے جانے کا فیصلہ

  پی ٹی آئی رہنماؤں کا فیصلہ ہے کہ جلسہ اس بار کسی کی ہدایت پرمنسوخ یا ملتوی نہیں کیا جائے گا۔ ایمبولینسز،بلڈوزر،کرین اور تمام ضروری مشینری آج صوابی پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ہر رکن قومی و صوبائی اسمبلی کو ایک ہزار سوسے 2 ہزار کارکنان نکالنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ تمام ارکان اسمبلی کو پلان پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 پارٹی ذرائع کے مطابق جلسے کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا جس کےلیے ارکان اسمبلی کو اپنی ذمہ داری نبھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا جلسے کو کامیاب بنا نے کے لیے تمام تر انتظامات خود دیکھ رہے ہیں۔ کارکنوں کو آنسو گیس اور شیلنگ سے بچنے کےلئے پانی، کپڑا ، نمک کے ساتھ دیگر ضروری سامان ساتھ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کا جلسہ، اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے سیل کرنے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کل سڑکوں پر کنٹینرز لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کنٹینرز رکھ کر شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کیا جائے گا۔ مری روڈ فیض آباد کے مقامل پر کنٹینرز سڑک کے اطراف رکھ دئیے گئے ہیں۔

 پی ٹی آئی کے جلسے میں جانے والے افراد  ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دئیے گئے راستوں کا استعمال کرکے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ پی ٹی آئی نے کل اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے 8 ستمبرکے جلسے کے لیے روٹ جاری کردیا۔

خیبرپختونخوا سے آنے والے موٹروے کا راستہ استعمال کریں، انتظامیہ کے مطابق پی ٹی آ ئی کو سنگجانی میں جلسے کی اجازت دی گئی ہے، جلسے میں شرکت کیلئے آنے والے موٹروے ایم ون استعمال کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز نے کہا ہے کہ 8ستمبر کو پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے سنگجانی میں جگہ دی ہے، ایسا روٹ دیا گیا ہے جس سے عام آدمی متاثر نہ ہو۔

ایک انٹرویو میں عرفان نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے قافلے موٹروے ایم 1 استعمال کریں گے جبکہ پنجاب سے آنے والے قافلے موٹروے ایم 2 استعمال کریں گے۔

ڈی سی نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سے آنے والے جی ٹی روڈ استعمال کریں گے جبکہ مقامی افراد نیو مارگلہ ایونیو سے جا سکیں گے۔ پی ٹی آئی کے اسلام آباد جلسے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز مشروط اجازت دی تھی۔

Watch Live Public News