پاک فوج کا میجر طفیل محمد شہید کے 66ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت

پاک فوج کا میجر طفیل محمد شہید کے 66ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت
کیپشن: پاک فوج کا میجر طفیل محمد شہید کے 66ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت

ویب ڈیسک: نشان حیدر پانے والے میجر طفیل محمد شہید کا 66واں یوم شہادت آج انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کا میجر طفیل محمد شہید کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس اور سروسز چیفس نے میجر طفیل محمد شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ میجر محمد طفیل نے 1958 میں مشرقی پاکستان کے لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کا مقابلہ کیا۔ دھرتی کے ان بہادر بیٹوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

بہادر بیٹوں نے قوم کی خود مختاری،علاقائی سالمیت کے تحفظ پر لازوال قربانیں دیں۔

صدر آصف علی زرداری کا خراج عقیدت

صدر آصف علی زرداری نے نشان حیدر کا اعزاز پانے والے میجر طفیل محمد شہید کے 66 ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 

صدرمملکت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قوم مادر وطن کے دفاع کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت کو سلام پیش کرتی ہے۔ میجر طفیل محمد شہید نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ میجر طفیل محمد شہید نے جرات اور بہادری کی مثال رقم کی۔ 

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

صدر مملکت نے میجر طفیل محمد شہید کیلئے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا خراج عقیدت

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے میجر طفیل محمد نشانِ حیدر کے 66ویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ 

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر نے جرآت و بہادری کی عظیم مثال قائم کرتے ہوئے وطن کی حفاظت کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔ میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر نے اپنے زخموں کی پرواہ کئے بغیر اپنے مشن کو پورا کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر کی فرض شناسی، ہمت و بہادری اور وطن کی حفاظت کے عہد کی پاسداری نوجوان نسل کیلئے ایک مثال ہے۔ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور انکے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔ پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے جوانوں و افسران کی اس ملک کی حفاظت کیلئے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

چیئرمین سینیٹ کا پیغام: 

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے میجر طفیل محمد شہید ( نشان حیدر) کے 66 ویں یوم شہادت پر پیغام جاری کیا ہے۔ 

اپنے پیغام میں انہوں نے میجر طفیل محمد شہید ( نشان حیدر ) کے 66ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 

بیان میں انہوں نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر  نے 1958 میں  دشمن کے خلاف جرات اور بہادری سے لڑتے ہوئے  جان کا نذرانہ پیش کیا۔ میجر طفیل محمد شہید کی بہادری اورشجاعت  کے اعتراف میں انہیں  ملک کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز ( نشان حیدر) سے نوازا گیا۔ پوری قوم میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کے 66 ویں یوم شہادت کے موقع پر انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ 

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔ قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ پاک افواج کی مادر وطن کے لیے دی گئ قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

شہدا کی قربانیاں اتحاد ،اخوت ، بھائی چارے  اورحب الوطنی کا درس دیتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہید میجر طفیل محمد  کے درجات بلند کریں۔ 

Watch Live Public News