سیالکوٹ: ( پبلک نیوز) سانحہ سیالکوٹ میں آنجہانی پریانتھا کمارا کے قتل پر ورکرز کو اکسانے والے ملزم کا بالاخر پتا چلا لیا گیا ہے۔ ڈی پی او سیالکوٹ کے مطابق اسٹچنگ یونٹ کے ملزم صبور بٹ نے ورکرز کو اشتعال دلایا تھا۔ آنجہانی پریانتھا کمارا کے خلاف ہجوم اکٹھا کرنے میں وہی ملوث ہے۔ ملزم صبور بٹ اس وقت جسمانی ریمانڈ پر ہے، اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ میں ملوث مزید آٹھ ملزموں کو موبائل کالز ڈیٹا اور فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ان گرفتار ملزموں میں آنجہانی پریانتھا کمارا کی لاش کی بے حرمتی کرنیوالا ملزم ذاکر سلمان بھی شامل ہے جبکہ دیگر گرفتار ملزموں میں تشدد کرنے والے، اشتعال دلانے والے اور ویڈیو بنانے والے شامل ہیں۔ خیال رہے کہ 3 دسمبر کو سیالکوٹ میں ایک فیکٹری میں بطور مینجر نوکری کرنے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو ورکرز نے توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے قتل کر دیا تھا۔