فلسطیینی بچوں کو 'کھانے کی اشیاء والے کھلونے' دینے پر اشنا شاہ برہم

فلسطیینی بچوں کو 'کھانے کی اشیاء والے کھلونے' دینے پر اشنا شاہ برہم
فلسطینی صحافی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ غزہ کے بچوں کو کھانے کی طرح نظر آنے والے کھلونے دیے جارہے ہیں جس پر اداکارہ اشنا شاہ نے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’احمقانہ مذاق‘ قرار دیا ہے۔ گذشتہ روز فلسطینی صحافی محمد سمری نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر ایک تصویر شئیر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کھانے کی طرح نظر آنے والے کھلونے شاپر میں پیک کیے گئے ہیں۔ کھلونوں میں مصنوعی چکن نگٹس، دودھ کا پیکٹ، فرنچ فرائز، برگر اور آئس کریم پیک ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ فلسطینی صحافی نے کیپشن میں لکھا کہ ’ہمارے بچوں کو کھانا دینے کے بجائے اقوام متحدہ کھانے کی طرح دکھنے والے کھلونے دے رہا ہے۔‘ صحافی کی ٹوئٹ پر اداکارہ اشنا شاہ نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا کوئی اس کی تصدیق کر سکتا ہے؟ کیا یہ انتہائی فضول مذاق کرنے کا خیال اقوام متحدہ کا ہے؟ انہوں نے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا یہاں کوئی مقابلہ ہورہا ہے کہ بدترین سلوک کرنے میں کون سی تنظیم سب سے زیادہ نیچے گر سکتی ہے؟‘
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔