ویب ڈیسک: کراچی کے سفاری پارک میں موجود ہتھنی سونیا مرگئی،ڈائریکٹرسفاری پارک نے مزید بتایا کہ ہتھنی سونیا کی موت گزشتہ رات اچانک ہوئی، ابتدائی طورپر ہتھنی کی موت کا سبب ہارٹ اٹیک لگ رہا ہے، ہتھنی کی موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سفاری پارک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہتھنی سونیا کی عمر 22 سے 23 سال تھی، سونیا کی موت اچانک رات میں ہوئی، صبح عملہ پہنچا تو ہتھنی کو مردہ پایا۔
ذرائع کے مطابق ہتھنی سونیا اور ملکہ پہلے سے سفاری پارک میں تھیں جبکہ چند روز قبل چڑیا گھر سے ہتھنی مدھو بالا کو سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا۔
سفاری پارک کے ذرائع نے بتایا کہ ہتھنی سونیا کے مرنے کے بعد اب سفاری پارک میں 2 ہتھنیاں باقی رہ گئی ہیں۔
کراچی سفاری پارک میں ہتھنی سونیا کی ہلاکت کے بعد سفاری پارک کے عملے نے ڈاکٹرز کی ٹیم کو طلب کرلیا جبکہ ہتھنی سونیا کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد عملے نے سفاری پارک کے ہاتھیوں کے انکلوژر کو سیل کردیا۔
ڈائریکٹر سفاری پارک امجد زیدی کے مطابق مذکورہ مقام پر میڈیا سمیت کسی کو بھی آنے کی اجازت نہیں ہے، سفاری پارک میں مقیم ملکہ اور سونیا صحت مند تھیں۔
ڈائریکٹرسفاری پارک نے مزید بتایا کہ ہتھنی سونیا کی موت گزشتہ رات اچانک ہوئی، ابتدائی طورپر ہتھنی کی موت کا سبب ہارٹ اٹیک لگ رہا ہے، ہتھنی کی موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا،لاہور کی یونیورسٹی کے ماہرین سمیت فور پاز ٹیم بھی پوسٹ مارٹم میں حصہ لے گی تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد ہتھنی کی موت کی وجہ معلوم ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ ہتھنی سونیا کا پوسٹ مارٹم 2 دنوں بعد فور پاز کے عامر خلیل کے آنے کے بعد ہوگا، موسم ٹھنڈا ہے تو ہتھنی سونیا کی ڈیتھ باڈی کو برف لگا کررکھا ہے۔
امجد زیدی کا کہنا تھا کہ یہ سونیا نام کی مادہ ہتھنی تھی، 2009 میں 4 ہاتھی افریقی ملک تنزانیہ سے پاکستان لائے گئے تھے،نور جہاں بیماری کے باعث مارچ 2023 میں انتقال کر گئی تھی۔