الیکشن کمیشن کا پولنگ کا وقت بڑھانے سے انکار، ووٹوں کی گنتی شروع

الیکشن کمیشن کا پولنگ کا وقت بڑھانے سے انکار، ووٹوں کی گنتی شروع

(ویب ڈیسک ) ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ کا  وقت ختم ہوگیاجس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا وقت مزید نہیں بڑھایا جائے گا۔ پولنگ کا وقت ختم ہوتے ہی پولنگ اسٹیشنز کے دروازے بند کردیے گئے صرف پولنگ اسٹیشن میں موجود  افراد ہی ووٹ ڈال سکیں گے۔انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی نتائج 6 بجے شیئر کیے جائیں گے۔

ملک بھر میں  90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔   پولنگ کیلئے  14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ الیکشن کیلئے ذمہ داریاں انجام  دے رہا ہے، ہر حلقے کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔

پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 اور صوبائی اسمبلی کی 297 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں پر 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ووٹرز پسندیدہ امیدواروں  کو ووٹ دیں گے۔

خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 45 اور صوبائی اسمبلی کی 115 نشستوں پر صوبے کے 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے جبکہ  بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں پر 53 لاکھ 71 ہزار 947 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد  سے قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر 10 لاکھ 83 ہزار 29 ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

واضح رہے کہ  4انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔

ملک بھر میں 16 ہزار 766 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس جبکہ 29 ہزار 985 حساس قرار دیا گیا ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر پاک فوج تعینات ہوگی۔ پولنگ اسٹیشنوں پر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیے گئے ہیں۔

عام انتخابات کے موقع پر پورے ملک میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، مجموعی طور پر 5 لاکھ سکیورٹی اہلکار عام انتخابات میں ڈیوٹی پرتعینات ہوں گے۔ سکیورٹی کیلئے پولیس پہلے درجے پر، پیرا ملٹری فورسز دوسرے درجے، آخری اور تیسرے درجے میں پاک فوج بطور کوئیک رسپانس فورس تعینات ہوگی۔ انتخابی سامان کی پولنگ اسٹیشن تک ترسیل، گنتی اور اس کی ریٹرننگ افسران کے دفاتر تک واپسی کیلئے سکیورٹی کی ذمہ داری افواج پاکستان کی ہوگی۔

الیکشن نتائج کی ترسیل و تدوین کیلئے الیکشن منیجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) استعمال کیا  جا رہا ہے۔

دوسری جانب ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، امن و امان اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔ شہریوں کو اپنا حلقہ تلاش کرنے اور ایک دوسرے سے رابطے میں دشواری کا سامنہ ہے۔الیکشن کمیشن اور پی ٹی اے نے الیکشن ڈے پر موبائل سروس بند کرنے سے منع کیا تھا۔