شہزادی لطیفہ کی بازیابی کیلئے ایف بی آئی نے مدد کی

شہزادی لطیفہ کی بازیابی کیلئے ایف بی آئی نے مدد کی
دبئی ( ویب ڈیسک )دبئی کے شیخ راشد المکتوم کی صاحبزادی شہزادی لطیفہ کے اغوا اور والد کی طرف سے حبس بے جا میں رکھنے کے حوالے سے اہم انکشاف ہوا ہے کہ جب شہزادی لطیفہ اپنے والد کی قید سے فرار ہوئی تھیں تو انہیں واپس لانے میں ایف بی آئی نے دبئی کے شیخ کی مدد کی تھی۔ امریکی اخبار یو ایس اے ٹو ڈے نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ شہزادی لطیفہ جب اپنے والد راشد المکتوم کی مبینہ قید سے فرار ہوئی تھیں تو وہ اپنی ایک مہلک غلطی کی وجہ سے دوبارہ قید میں آئی تھیں اور اس مقصد میں ان کی واپسی کیلئے ایف بی آئی نے دبئی کے شیخ کی مدد کی تھی۔ جب مارچ 2021ء میں شہزادی لطیفہ کو فرار ہوتے ہوئے بحیرہ ہند کی ایک کشتی میں تلاش کیا گیا تو اس نے اپنی واپسی کیلئے آنے والے دبئی کے شیخ کے کمانڈوز کو چیخ چیخ کر کہا کہ مجھے واپس لے جانے کے بجائے جان سے مار دو ۔ امریکی اخبار نے عینی شاہدین کے حوالے سے رپورٹ میں مزید انکشاف کیا ہے کہ شہزادی لطیفہ کو جب واپس والد کے پاس لیجایا جا رہا تھا تو اس کیلئے امریکی جھنڈے والی گاڑی استعمال کی گئی تھی ٗ دبئی کی طرف سے ایف بی آئی سے رابطہ کر کے شہزادی لطیفہ کی لوکیشن حاصل کی گئی اور پھر امریکی ایجنسی کی عملی مدد کیلئے بھی درخواست کی گئی۔