(ویب ڈیسک ) وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں متعلقہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کے قیام سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں تمام صوبوں، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں یکم محرم سے دس محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کے استعمال پر پورے ملک میں پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں متعلقہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس ضمن میں زمینی حقائق اور سکیورٹی صورتحال کے مطابق فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ وفاق صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔امن عامہ سے متعلق صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے بارشوں کے پیش نظرجلوسوں اور مجالس کے لئے پیشگی پلان تیارکرنے کا کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے داخلی اور خارجی راستوں پرسخت چیکنگ کا حکم بھی دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ جلوسوں و مجالس کی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے اورضابطہ اخلاق کی پابندی کرائی جائے۔ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھرپور توجہ دی جائے ۔
اجلاس میں پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے آئی جیز پولیس اور سیکرٹریز داخلہ نے محرم الحرام کے دوران امن عامہ کے پلان پر بریفنگ دی۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ،وفاقی سیکرٹری مذہبی امور، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز پولیس ، سیکرٹریز داخلہ، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے کمانڈنٹ، فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ، ساوتھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔