اسلام آباد (پبلک نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے میڈیا کو پیغام دیاہے کہ وزیر اعظم کا اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد اب اپوزیشن کی سیاست ٹھپ ہو گئی ہے اس لئے اب وقت ہے کہ میڈیا سیاستدان کی بیان بازی سے باہر نکل کر اصل مسئلہ یعنی کورونا پر توجہ دے کیونکہ اب اس ”بلا“ کو سنجیدہ لینا چاہیے۔سوشل میڈیا پر اپنی ایک ٹویٹ میں سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے لکھا کہ وزیر اعظم نے 178ممبران اسمبلی کے بھرپور اعتماد کے بعد اپوزیشن کی سیاست ٹھپ کردی ہے ٗ جو کسر رہ گئی ہے وہ چیئر مین سینٹ کے انتخابات میں پوری ہو جائے گی۔ فواد چودھری نے کہا کہ میڈیا کو اب مایوس سیاستدانوں کی بیان بازی سے نکل کر کورونا پر توجہ دینی چاہیے۔ کورونا کی ایک نئی لہر ہمارے لئے چیلنج بن رہی ہے ٗ سیاست تو کرتے رہیں گے پہلے اس بلا کو سنجیدگی سے لے لیں۔