گوجرانوالہ ڈویژن میں‌ رجسٹری بذریعہ ای رجسٹریشن کا آغاز کردیا

گوجرانوالہ ڈویژن میں‌ رجسٹری بذریعہ ای رجسٹریشن کا آغاز کردیا
لاہور: پنجاب بھر کی طرح گوجرانوالہ ڈویژن میں پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے رجسٹری بذریعہ ای رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ای رجسٹریشن بارے تمام ریوینیو افسران و سٹاف کی ٹریننگ ڈسٹرک کونسل ہال گوجرانوالہ میں منعقد کی گئی۔ کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے گوجرانوالہ ڈویژن میں ای رجسٹریشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے عوام کو گھر بیٹھے ای رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی ہے۔ ای رجسٹریشن کے لیے ویب پورٹل بنایا گیا ہے جس سے مڈل مین، جعل سازی کا خاتمہ ہو سکے گا۔ گڈ گورننس کیلئے عوام کی شمولیت اور انفرادی ذمہداری کو یقینی بنایا گیا ہے۔ میڈم انجم زہرا ڈائریکٹر آپریشنز ، ایڈیشنل ڈائیریکٹر آپریشنز چوہدری محمد شفیق نے بتایا کہ صارفین ای سٹامپ ویب پورٹل سے چالان حاصل کریں گے۔بینک آف پنجاب میں مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد صارفین گھر بیٹھے وثیقہ لکھ سکیں گے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی فاروق اظہر قریشی نے بتایا کہ صارفین خود سے بائع مشتری اور گواہان کا اندراج کر سکیں گے،وثیقہ لکھنے کے بعد ڈیجٹل طریقے سے سب رجسٹرار کو منتقل ہو سکے گا۔ صارفین مقررہ وقت پر سب رجسٹرار کے سامنے بائیو میٹرک تصدیق اور بیانات قلمبند کروائیں گے۔بیانات کی تصدیق کے بعد منظور شدہ رجسڑری نقل حاصل کی جا سکے گی۔ ضلعی انتظامیہ،اسسٹنٹ کمشنرز،سب رجسٹرار،اسٹامپ وینڈرز کے لیے صوبہ بھر میں ٹریننگ پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ تمام 10 ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ضلعی افسران، ایڈیشنل کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، سب رجسٹرار ، اور اسٹامپ فرشوں نے ای رجسٹریشن کے حوالے سے ٹریننگ میں شرکت کی۔ٹریننگ سیشن میں سوال جواب کا سیشن بھی رکھا گیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔