آڈیولیکس آنےکےبعد عمران خان کاڈرامہ آشکارہوچکا،وزیراعظم

آڈیولیکس آنےکےبعد عمران خان کاڈرامہ آشکارہوچکا،وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ آڈیولیکس آنے کے بعد عمران خان کا ڈرامہ آشکار ہوچکا ہے ،ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں نےقوم سے دن رات صرف جھوٹ بولا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم عدالت اور قانون کا احترام کرنے والے لوگ ہیں اور میں آج پھر عدالت میں پیش ہوا ہوں، نوازشریف بھی ہر روز عدالت میں پیش ہوتے تھے، انہوں نے کوئی این آر او نہیں مانگا، میری پارٹی کے ساتھیوں نے بھی جرات کے ساتھ جیلیں کاٹیں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی اب آپ کو قوم کو جواب دینا ہے، تم نے قوم کےخلاف سازش کیں، وزیراعظم تھے تم پانچ ارکان اسمبلی خریدنے کے لیے پیسے کہاں سےآئے؟ ان کا کہنا تھا کہ بقول عمران نیازی مریم نواز کو اسلام آباد ہائیکورٹ سےاین آراو ملا ہے، اس سےگھٹیا بات نہیں ہوسکتی، نواز شریف اور مریم نواز کو نیب کی ترامیم کے تحت بریت نہیں ملی، میں نے اور ہمارے پارٹی کے ساتھیوں نے جیلوں کی صعوبتیں برداشت کیں، محترمہ علیمہ خان اور فرح گوگی کو این آر او میں نے تو نہیں دلوایا، تمہارے دور میں علیمہ خان اور فرح گوگی کو این آر او ملا۔ شہبازشریف نے کہا کہ اتنے بڑے فتوے دیے اور خود ضمیر خرید رہے ہیں، عمران نیازی اب خود ضمیر فروشی تسلیم کر رہا ہے، کیا عمران نیازی کو کسی عدالت نے طلب کیاہے؟ وزیراعظم ہو یا گورنر ،کوئی قانون سے بالا تر نہیں، نوازشریف ہرپیشی پر عدالت پیش ہوتے رہے ہیں، نوازشریف،مریم نواز،حمزہ شہباز ، ہم سب نے بدترین ظلم برداشت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سیاسی سرمایہ پاکستان پر ایک بار نہیں کروڑوں بار قربان، ہم نے اتحادیوں کی مدد سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، جب حکومت سنبھالی تو معیشت کی کشتی ہچکولے لے رہی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 190ملین پاؤنڈز کے ڈاکے کا اس وقت کے چیئرمین نیب نے نوٹس کیوں نہیں لیا، آج کس منہ سے عمران نیازی این آر او کی گردان کررہے ہیں؟ عمران خان دنیا میں سب سے زیادہ فراڈ کرنے والا شخص ہے، قوم کے خلاف عمران خان نے سازش کی جس کی آڈیو آچکی، آڈیو میں کہتے سنا گیا کہ امریکا کا نام نہیں لینا بس کھیلتے جاؤ، آپ کا ڈرامہ ، آپ کا جھوٹ کھل چکا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔