ویب ڈیسک: لیاقت باغ احتجاج میں جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ و دیگر الزامات پر عالیہ حمزہ، عامر مغل سمیت 25 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو پی ٹی آئی کے راولپنڈی میں لیاقت باغ احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے عالیہ حمزہ، پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل، شہریار ریاض، کرنل اجمل صابر، سابق صوبائی وزیر راجا راشد شفیق، سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ، خلیق زیاد کیانی، تیمور مسعود سمیت 25 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
عدالت نے تمام 25 نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے 21 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تمام ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ، سرکاری املاک جلانے، توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ و دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
عدالت سے وارنٹ گرفتاری تھانہ وارث خان اور تھانہ ٹیکسلا پولیس نے حاصل کیے ہیں، جس کے بعد تمام ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے چھاپا مار کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری تھانہ نیو ٹاؤن اور وارث خان میں درج مقدمات میں حاصل کئے گئے،بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جاری کئے،بلاضمانت وارنٹ گرفتاری عالیہ حمزہ،صدر اسلام آباد عامر مغل،شہریار ریاض،کرنل اجمل صابر کے حاصل کئے گئے۔
سابق صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ،صدر پی ٹی آئی پنڈی چوہدری امیر افضل،عمر تنویر بٹ کے بھی بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے جبکہ خلیق زیاد کیانی،تیمور مسعود کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔
یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ سمیت تعزیرات پاکستان کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔