اسلام آباد: ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سپیکر ناصرف توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں بلکہ آئین شکنی بھی کر رہے ہیں۔ ووٹنگ کا عمل شروع کرائیں ورنہ ہم فلور آف دی ہائوس نہیں چھوڑیں گے بلکہ یہیں بیٹھے رہیں گے۔ پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 5 رکنی بنچ کے حکم کے مطابق آرڈر آف دی ڈے کے علاوہ ایوان میں کوئی اور کارروائی نہیں ہو سکتی۔ لیکن یہاں اس سے روگردانی کی جا رہی ہے اور عدالت کے فیصلے سے انحراف کیا جا رہا ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ عمران خان اپنی اکثریت کھو چکا ہے۔ وہ بھاگتے بھاگتے آئین شکنی کر رہا ہے۔ میں نے عمران خان کو بار بار سمجھایا تھا کہ وہ اس شخص سے بچیں جو مجھ سے پہلے تقریر کرکے گیا، اس نے ہی عمران خان کو پھنسایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثریت کھونے کے بعد ان کو عالمی سازش کا خیال آیا۔ کپتان بھاگا ہوا ہے، آج بھی ایوان میں موجود نہیں اور اپنا دفاع تک نہیں کر سکتا۔ اگر آپ آج ایجنڈے پر نہیں آتے تو پوری اپوزیشن یہاں سے باہر نہیں جائے گی۔ اس جرم میں آپ خود بھی شامل ہونا چاہتے ہیں تو یہ آپ کی مرضی ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ یہ پہلے بھی فیض یا ب ہوئے اور دوبارہ فیضیاب ہونا چاہ رہے ہیں.