الخدمت فاؤنڈیشن  پاکستان کے صدر  غزہ کے زخمیوں ، مہاجرین کے ساتھ عید منانے قاہرہ پہنچ گئے

الخدمت فاؤنڈیشن  پاکستان کے صدر  غزہ کے زخمیوں ، مہاجرین کے ساتھ عید منانے قاہرہ پہنچ گئے

(ویب ڈیسک ) صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن غزہ کے زخمیوں اور مہاجرین کے ساتھ عید منانے قاہرہ مصرپہنچ گئے جہاں وہ چاندرات کے موقع پر غزہ کے متاثرہ خاندانوں کو میگاشاپنگ سنٹرز سے عید کی شاپنگ کروائیں گے، زخمیوں و دیگرمہاجرین کوالخدمت کی جانب سے فوڈ پیکج اورعیدتحائف فراہم کریں گے۔

تفصیلات  کے مطابق    ڈاکٹر حفیظ الرحمن مصر کے  تین روزہ دورے کے دوران قاہرہ میں قائم الخدمت کیمپ آفس اور وئیرہاؤس میں جاری امدادی سرگرمیوں کاجائزہ لیں گے ۔ جس کے سا تھ ساتھ غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے  ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن اور ہلال احمر مصر کے آفیشلز سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ 

بعدازاں مرکزی صدر قاہرہ کے مضافاتی علاقے منصوریہ میں قائم الخدمت وئیرہاؤس سے امدادی سامان کی نئی کھیپ غزہ کیلئے روانہ کریں گے۔

 ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے  عیدالفطرکے موقع پر  اپنے   پیغام میں کہاکہ ہماری دعا ہے کہ انسانیت جنگوں اور قدرتی آفات سے محفوظ رہے اور اِس دنیا میں امن قائم ہو۔ انہوں نے کہا   عید خوشیوں کا تہوار ہے  اور ہمیں خوشی کے اِس موقع پر  اپنے معاشرے  کے مستحق اور محروم طبقات  سمیت   غزہ کے پریشان حال  بہن بھائیوں کو  دعاؤں میں یاد رکھنا چاہیےاور ان سے اظہاریکجہتی کیلئے فلسطین کا مفلراور جھنڈا پہن کرعیدکی نمازاوردیگرتقریبات میں شریک ہوں۔ الخدمت فاؤنڈیشن اہل خیرکے تعاون سے مصیبت میں گھرے معصوم بچوں،مردوخواتین اور بزرگوں کے چہروں پرمسکراہٹ لانے کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔