حکومت سے مذاکرات کامیاب، بلوچ یکجہتی کمیٹی نے دھرنا ختم کردیا

حکومت سے مذاکرات کامیاب، بلوچ یکجہتی کمیٹی نے دھرنا ختم کردیا
کیپشن: حکومت سے مذاکرات کامیاب، بلوچ یکجہتی کمیٹی نے دھرنا ختم کردیا

ویب ڈیسک: بلوچ یکجہتی کمیٹی نے حکومت سے مذاکرات کامیاب ہوجانے کے بعد 11 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ جس کے بعد دھرنے کے شرکاء تربت روانہ ہوگئے ہیں۔ جہاں آج شام کو ایک جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو صوبائی سینئیر وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ظہور احمد بلیدی کی سربراہی میں مذاکرات کیے گئے۔ مذاکرات میں کمشنر مکران داؤد خان خلجی،ڈپٹی کمشنر گوادر حمودالرحمان رانجھا،ایس ایس پی گوادر نجیب اللہ پندرانی اور دیگر نے حصہ لیا جبکہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ،سمّی دین بلوچ،صبغت اللہ بلوچ مذاکرات میں شامل تھے۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن اور بزرگ شخصیت اشرف حسین نے ثالثی کا کردار کیا۔

علاوہ ازیں جمعرات کی شام بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام پدی زِر میرین ڈرائیو پر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی قیادت میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ریلی کاآغاز سیّد یادگاد چوک سے شروع ہوا اور دھرنا گاہ میں اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر اجتماع سے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل صبح 10 بجے دھرنا گاہ میں سوگندی دیوان منعقد ہوگا سوگندی دیوان کے بعد گوادر میں جاری دھرنا یہاں سے ختم کرکے قافلے کی صورت میں تربت جائیں گے اور 4 بجے تربت میں اجتماع کا انعقاد کریں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے اپنے مؤقف نے بتایا کہ پہلے دن سے بلوچ یکجہتی کے مطالبات پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ بلوچستان بھر سے گرفتار کارکنان کی رہائی عمل میں لائی گئی اور ایف آئی آرز کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

Watch Live Public News