اے ڈی بی کی پاکستان کیلئے 60 کروڑ 30 لاکھ ڈالر معاونت کی منظوری

اے ڈی بی کی پاکستان کیلئے 60 کروڑ 30 لاکھ ڈالر معاونت کی منظوری
اسلام آباد: (اے پی پی) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں سماجی تحفظ کے سب سے بڑے پروگرام احساس کے دائرہ کارمیں توسیع کیلئے 60 کروڑ30 لاکھ ڈالرکی معاونت کی منظوری دے دی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے بدھ کوجاری بیان میں کہاگیاہے کہ حکومت پاکستان کے سماجی تحفظ کے مربوط پروگرام کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کی حکومت کو 60 کروڑڈالر کا باقاعدہ قرضہ فراہم کرے گا، اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی فنڈ سے 30 لاکھ ڈالر اورایجوکیشن اباو آل فاونڈیشن کی جانب سے 24 ملین ڈالرکی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹرجنرل برائے وسطی و مغربی ایشیا یوگینی زوخوف نے بتایا کہ احساس پروگرام کی ترجیحات کے مطابق یہ معاونت بینک کی پاکستان میں سٹریٹجک فعالیت کی طرف منتقلی کی عکاسی کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ بینک کی معاونت سے تعلیم ، صحت عامہ کی خدمات، اورغذائی اشیا کی فراہمی کیلئے مشروط کیش ٹرانسفر پروگرام کوتقویت ملے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی اس معاونت سے غریب خاندانوں کے بچوں خاص طور پر لڑکیوں اور خواتین، نوعمر لڑکیوں اور غریب بچوں کے لیے صحت کی خدمات اور غذائیت ، پرائمری سے لیکر دسویں تک تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے نقد رقوم کی منتقلی میں بہتری آئے گی۔ یہ پروگرام پاکستان کے سماجی تحفظ کے پروگراموں کے نفاذ اور صلاحیتوں واستعدادمیں بہتری کیلئے شروع کیاگیاہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہاہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا دیرینہ اورقابل اعتماد شراکت دار ہے، یہ پروگرام ایشیائی ترقیاتی بینک اوردیگر شراکت داروں سے سالوں پرمحیط رابطہ کاری کانتیجہ ہے۔ اس پروگرام میں ان شعبہ جات پرتوجہ مرکوز کی گئی ہے جہاں ہم سمجھتے ہیں کہ بینک اپنا زیادہ اثراستعمال کرسکتا ہے۔یہ پروگرام احساس پروگرام کے ترجیحی شعبہ جات کیلئے حکومت کے عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس پروگرام سے والدین کو اپنے بچوں بالخصوص بچیوں کوسکولوں میں بیجھنے کی ترغیب ملے گی۔ اس کے علاوہ خوراک اورنقد رقوم کی منتقلی میں بھی یہ پروگرام معاون ثابت ہوگا۔

Watch Live Public News