وفاقی کابینہ اراکین ، افسران کیلئے  بیرون ملک سفر کی نئی ایڈوائزری جاری

وفاقی کابینہ اراکین ، افسران کیلئے  بیرون ملک سفر کی نئی ایڈوائزری جاری

(ویب ڈیسک )  وفاقی کابینہ اراکین اور حکومتی افسران کے لئے بیرون ملک سفر کی نئی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  کابینہ ڈویژن نے اعلیٰ حکومتی افسران اور کابینہ اراکین کے لئے نئی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ سیکریٹری کابینہ کامران علی افضل کی منظوری کے بعد نوٹیفیکیشن کا اجراء کر دیا گیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کیجانب سے جاری نئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ   تمام اعلیٰ حکومتی افسران، کابینہ اراکین بیرون ملک صرف اکانومی کلاس میں سفر کریں گے۔

یاد رہے کہ قبل ازیں 18 مارچ 2024 کو وفاقی حکومت نے وفاقی وزراء و سرکاری افسران کے لیے بیرون ملک سفری پالیسی جاری کی تھی۔کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ کے فیصلوں کی روشنی میں سفری پالیسی کا اجراء کر دیا تھا۔

 بیرون ملک سفر کی اجازت کفایت شعاری پر قائم کمیٹی سے لینا لازمی قرار دیا گیا تھا۔سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں کے دوران فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام اور معاون اسٹاف کے بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

 وزیر اور سیکریٹری کے ایک ہی وقت بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کی گئی تھی ۔وفاقی وزیر، وزیر مملکت، مشیر اور معاونین سال میں بیرون ممالک کے 3 دورے کرنے کے مجاز ہوں گے، خاص حالات میں ان دوروں میں اضافہ بھی ہوسکے گا۔

 وزارت خارجہ اور وزارت تجارت کو اس پابندی سے استثنیٰ دیا گیا تھا۔ جبکہ  عالمی مالیاتی اداروں کے دورے کے لیے تمام ڈویژنز کو اکنامک افیئرز ڈویژن سے این او سی لینے کا کہا گیا تھا۔

Watch Live Public News