اونٹاریو (پبلک نیوز) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا اور نسلی تعصب ایک حقیقت ہے، مسلم خاندان پر حملہ دہشتگردی ہے، اس حادثے پر تمام کینیڈین افسردہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں قتل کیے جانے والے پاکستانی خاندان کی یاد میں اجتماع ہوا۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، میئر اونٹاریو اور اپوزیشن لیڈرز سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اونٹاریو لندن میں مسجد کے باہر سیکڑوں شہری اسلاموفوبیا کا شکار بننے والے پاکستانی مسلم خاندان سے اظہار تعزیت کے لیے جمع ہوئے۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا اسلاموفوبیا اور نسلی تعصب ایک حقیقت ہے۔ ان انتہاپسندوں کو دہشت گردوں کی فہرست میں ڈالیں گے۔ حملے میں زندہ بچ جانے والے بچے کے ساتھ پورا کینیڈا کھڑا ہے۔
فیڈرل پارٹی کے لیڈر جگمیت سنگھ نے کہا حجاب پہننے والے اور پگڑی پہننے والے نفرت کرنے والوں کو جیتنے نہیں دیں گے، مزید مسلمانوں کی زندگیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ مسلم کمیونٹی کے رہنما نواز طاہر نے آزادی اظہار رائے کا دعوی کرنے والوں سے سوال کیا کہ کیا ایک خاندان اس ملک میں آزادی سے سڑک پر گھوم بھی نہیں سکتا؟
یاد رہے کہ اتوار کی شام اونٹاریو کے شہر لندن میں پیش آنے والے ایک واقعے میں ایک 20 سالہ مقامی شخص نے اپنی گاڑی اس خاندان پر اس وقت چڑھا دی تھی جب وہ اپنے گھر کے باہر چہل قدمی کر رہے تھے۔ اس خاندان کا صرف ایک نو سال کا بچہ زندہ بچ پایا جو ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔