اسلام آباد (پبلک نیوز)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن کو ایک بار پھر چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بتائیں وزیر اعظم کا اعتماد کا ووٹ لینے وقت کون سا ایم این اسمبلی سے غائب تھا ٗ جبکہ حکومت کے چیئر مین سینٹ کے امیدوار صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ ووٹ مانگنے ہر کسی کے پاس جا سکتا ہوں۔ قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر اور چیئر مین سینٹ کے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران اسد قیصر نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ اپوزیشن بتائے ٗ وزیر اعظم کا اعتماد کا ووٹ لیتے وقت کون سا ایم این غائب تھا ٗ اس وقت پورا میڈیا موجود تھا ٗ سب نے دیکھا کہ ایوان میں فیصل واوڈا اور مجھے نکال کر 178 ارکان موجود تھے۔اگر کوئی ریکارڈ کے ساتھ ثابت کر دے کہ ارکان کی تعداد 178سے کم تھی تو عہدہ چھوڑ دوں گا۔ اس موقع پر صادق سنجرانی نے کہا کہ چیئر مین سینٹ کا امیدوار ہوں ٗ ووٹ کیلئے ہر جگہ جا سکتا ہوں۔ چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے پاس بھی ووٹ مانگنے جائیں گے ٗ یوسف رضا گیلانی الیکشن جیت کر سینیٹر بن گئے ٗ میں تو ان کے پاس بھی ووٹ مانگنے گیا تھا۔سب کو ساتھ لیکر چلنا ہی جمہوریت کا حسن ہے۔