آئی ایم ایف ہاتھ ہولا رکھے، لوگ سڑکوں پر ہیں

آئی ایم ایف ہاتھ ہولا رکھے، لوگ سڑکوں پر ہیں
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ہم نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے کہا ہے کہ وہ اپنا ہاتھ ہولا رکھے، پاکستان میں لوگ پہلے سے ہی سڑکوں پر ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے جو اقدامات اٹھائے ہیں، اس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب بڑھنا شروع ہو چکی ہے۔ صرف 6 سے 7 ماہ میں صورتحال مزید اچھی ہو جائے گی۔ شوکت ترین نے اپوزیشن کے احتجاج پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ صرف چند مہینوں کے اندر اندر پاکستان میں اس قدر ترقی ہو جائے گی کہ کسی کے پاس کوئی چانس نہیں رہے گا۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اسی لئے حکومت پر دبائو ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے کیونکہ انھیں اس بات کا بخوبی علم ہے کہ اگر یہ ٹائم نکل گیا تو پھر تحریک انصاف کو پکڑنا مشکل ہو جائے گا، یہ کسی کے ہاتھ نہیں آئے گی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی کی بڑی وجہ بیرونی بحران ہے۔ تاہم ملکی حد تک قیمتوں پر قابو پا لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت اس وقت پیٹرولیم مصنوعات پر 104 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ سیلز ٹیکس کو بھی صفر کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک میں انڈسٹریز کو بحال کرنے کیلئے پہلے ہی پیکج دے رکھا ہے۔ ہم امپورٹ اور ایکسپورٹ کے درمیان خلا کو ختم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو فارن کرنسی اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت سے وہ پاکستان میں پیسے لا سکتے ہیں اور لے جا سکتے ہیں۔