وزیراعظم شہبازشریف نے گذشتہ روز ایبٹ آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خطاب کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے ان کیخلاف کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنے ایک اہم بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اصل میر صادق اور میر جعفر وہ شخص ہے جو پاکستان کے قومی اداروں کیخلاف سازشی بیانیہ گھڑ رہا ہے۔ پاکستان کے ایبٹ آباد میں پاکستانی ریاست، اس کے قومی اداروں اور آئین کو چیلنج کیا گیا۔ قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے۔ ہم اس کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے پہلے ملکی معیشت کو ڈبونے کی سازش کی اب خانہ جنگی کرانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ ایک شخص کے جھوٹ، تکبر اور انا پر ہم اپنا ملک قربان نہیں کر سکتے۔ پاکستان کیخلاف سازش کی جا رہی ہے۔ شہباز شریف نے اپنے بیان میں عمران خان پر واضح کیا کہ اگر انہوں نے پاکستان میں خانہ جنگی کرانے کی کوشش کی تو ہم اس کو کچل کر رکھ دیں گے۔ آج کے دور کا میر جعفر اور میر صادق عمران خان ہے جو پاکستان کو عراق اور لیبیا بنانا چاہتا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس تھالی میں عمران نیازی نے کھایا، آج اسی میں چھید کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام، اس کے قومی ادارے اور ہمارا آئین اس شخص کے غلام نہیں ہیں۔ ہم عمران خان کو پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔ اس شخص نے جھوٹ کی بھرمار کر دی، اب اسے اصل سچائی کا سامنا کرنا پڑے گا، ہم اس کیخلاف کارروائی کریں گے۔ یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج کوسیاسی گفتگو میں گھسیٹنے کی کوشش کی جارہی ہے، آئی ایس پی آر دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کوسیاسی گفتگو میں گھسیٹنے کی کوشش کی جارہی ہے، ملک کےبہترین مفادمیں پاک فوج کوسیاسی گفتگوسے دور رکھا جائے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قیادت کو جان بوجھ سیاسی مباحثوں میں موضوع بحث بنانے کی سوچی سمجھی کوششوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ غیر مصدقہ، ہتک آمیز اوراشتعال انگیز بیانات انتہائی نقصان دہ ہیں، سیاسی قیادت، صحافیوں، تجزیہ کاروں اور سوشل میڈیا پر گفتگو کی گئی، ملک کےبہترین مفادمیں پاک فوج کوسیاسی گفتگوسے دور رکھاجائے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اس طرح کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل سے سختی سے مستثنیٰ ہیں اور توقع کرتےہیں سب قانون کی پاسداری کریں گے اور مسلح افواج کو ملک کے بہترین مفاد میں سیاسی گفتگو سے دور رکھیں۔ یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کی کال پر 20 لاکھ لوگ آئیں گے، عمران خان خیال رہے کہ گذشتہ روز ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ 20 مئی کے بعد جب اسلام آباد کی کال دوں گا، جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کردیں ، بیس لاکھ لوگ آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں انسانوں کا جنون آنے والا ہے،ان کو آپ کے جنون سے خوف ہے، اسلام آباد میں صرف ایک ہی آواز ہوگی امپورٹڈ حکومت نا منظور،پاکستانی قوم امریکا سے سازش کرکے ہمارے اوپر بیٹھنے والوں کو کبھی تسلیم نہیں کرے گی۔ عمران خان نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا میں صرف ایک لوٹا نکلا،اس نے ابھی تک پشاور آنےکی جرات نہیں کی، یہ لوٹے جہاں کہیں بھی جائیں گے، دو نعرے لگیں گے، ایک ضمیرفروش چور، دوسرا نعرہ لگے گاغدار۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی منتخب حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا، میں کبھی امریکا کی جنگ میں شامل ہونے یا امریکا کو اڈے دینے پر راضی نہیں تھا، امریکی چاہتے تھے مشرف کی طرح سربراہ ہو، ایک کال پر چاروں شانے چِت ہوجائے۔ عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف تم بھکاری ہو، غلام ہو، ڈاکو ہو، ہم کسی کے جوتے پالش کرنے والے نہیں، ساری قوم اسلام آباد پہنچ کر ایک ہی پیغام دے گی، امپورٹڈ حکومت نا منظور۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے،ساری چیزوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، میڈیا سےگزارش ہےکہ مائیک لے کردکانوں میں جائیں گھی کی قیمت ہی معلوم کرلیں، ہماری حکومت میں توآپ مائیک لےکردکانوں میں جاتےتھےکہ کہاں ہےنیاپاکستان۔انہوں نے کہا کہ جب چوری کرکے ملک سے پیسا باہر بھیجا جاتا ہے تو روپے کی قدرگرتی ہے، جب سے یہ حکومت آئی ہے روپے کی قدر گررہی ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ایف آئی اے نے ان کے 16 ارب روپے پکڑے ہیں، مقصود چپڑاسی کے نام پر پیسے ہیں، عدلیہ سے پوچھتا ہوں سو موٹو نوٹس لیا، رات بارہ بجے عدالتیں کھلیں ؟ ملک کے 16 ارب روپے چوری ہوئے اور آپ کچھ نہیں کررہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نیوٹرل بننے کی اللہ نے ہمیں اجازت نہیں دی، بار بارکہتا ہوں، نیوٹرل جانور ہوتے ہیں، انسان کو اللہ کو جواب دینا ہوتا ہے۔