'9مئی کے واقعہ کی 3،4 ماہ پلاننگ کی گئی،ملوث افراد کو دہشتگردوں سے ٹریننگ دلوائی گی'

'9مئی کے واقعہ کی 3،4 ماہ پلاننگ کی گئی،ملوث افراد کو دہشتگردوں سے ٹریننگ دلوائی گی'

(ویب ڈیسک ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے الزام عائد کیا ہے کہ 9مئی کے واقعہ کی 3چار ماہ پلاننگ کی گئی،ملوث افراد کو دہشتگردوں سے باقاعدہ ٹریننگ دلوائی گی۔9مئی کوسیاسی جماعت کا لبادہ اوڑھ کر جو دہشت گردی کی گئی وہ دہشت گرد بھی نہیں کرسکتا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے جناح ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  آج ہم جس جگہ پر کھڑے ہیں اسے جناح ہاؤس کہتے ہیں،جوقائداعظم محمد علی جناحؒ کی یادوں سے منسوب ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی کاوشوں کی بدولت ہم آزاد ہوا میں سانس لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  پچھلے سال 9مئی کو اسی جناح ہاؤس پر حملہ کیاگیا،جو تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ وہ کس طرح کا پاکستانی ہوگا،کتنا ظالم دل ہوگاجس نے جناح ہاؤس پر حملہ کیا۔ وطن سے محبت کرنے والے ایسے گھناؤنے حملے کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

مریم نواز  نے کہا کہ  کہتے ہیں دہشت گردوں کے سینوں میں دل نہیں ہوتا، جناح ہاؤس کی حالت کو دیکھ کرمحسوس ہوا یہ سچ ہے۔ جناح ہاؤس اوردیگر تنصیبات پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے سینے میں واقع دل نہیں ہے۔ایسی مذموم حرکت کرنے والے کسی بھی طرح سیاسی لوگ نہیں ہوسکتے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ  دہشت گرد جماعت نے منظم طریقے سے 9مئی کو دہشت گردی کی۔ دہشت گرد جماعت کی ذہنیت ہے کہ جو چیز جمہوری عمل سے نہ مل پائے،اسے دہشت گردی کے ذریعے حاصل کیا جائے۔

انہوں نے  کہا کہ عدلیہ اورمیڈیا سے سوال ہے کہ9مئی کے دہشت گردوں کو اب تک سزا کیوں نہیں ملی؟ ،  جنہوں نے 9مئی کو دفاعی تنصیبات اورشہداء کی یادگاروں پر حملہ کیا،ان کو ضمانت کیسے مل جاتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ  مجھے سے کہا جاتا ہے کہ 9مئی میں ملوث خواتین کو کیوں نہیں چھوڑتیں،ملک سے ایسی گھناؤنی حرکت کرنیوالوں کو چھوڑنے والی میں کون ہوتی ہوں۔ یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم اس واقعہ میں شامل نہیں،آپکے لوگوں نے، آپکی فیملیز نے آپکی کال پر لبیک کہا اور9مئی کو دہشت گردی کی۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ  9مئی کے واقعہ کی 3چار ماہ پلاننگ کی گئی،ملوث افراد کو دہشت گردوں سے باقاعدہ ٹریننگ دلوائی گی۔ 9مئی کوسیاسی جماعت کا لبادہ اوڑھ کر جو دہشت گردی کی گئی وہ دہشت گرد بھی نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ  شہداء کی فیملیز سے ملکرآنکھوں میں آنسو آگئے کہ کیسے شہداء کی یادگار جلائی گئی اور بے حرمتی کی گئی۔9مئی کو پوری قوم نے دہشت گردوں کے حملے ٹی وی پر دیکھے،یہ حملے قوم کے دلوں پر کیے گئے۔پاکستان آرمی کی وردی کوڈنڈوں پر لگاکرلہرایاگیا،تضحیک کی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم سے کہا جاتا ہے کہ ان سے بات کریں،یہ دہشت گردجماعت ہے،دہشت گردوں سے کیسے بات کریں۔   9مئی کے دہشت گردوں نے آج تک شہداء کی فیملیز سے معافی نہیں مانگی۔ 9مئی کے دہشت گردوں نے جو بویا وہی کاٹ رہے ہیں،ان کوسزا مل کررہے گی۔