اداکارہ عائزہ خان نے فلسطین کے حوالے سے کی گئی پوسٹ ڈیلیٹ کردی

اداکارہ عائزہ خان نے فلسطین کے حوالے سے کی گئی پوسٹ ڈیلیٹ کردی
پاکستان کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے فلسطین کے حق میں کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ ڈیلیٹ کردی ہے۔ عائزہ خان پاکستان کی وہ مقبول اداکارہ ہیں جن کے انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز ہیں جن کی تعداد 13 ملین سے زیادہ ہے، اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کی جانے والی وحشیانہ بمباری کے بعد مداحوں کا خیال تھا کہ اداکارہ ضرور اسرائیل کے خلاف آواز اٹھائیں گی۔ اداکارہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا گیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان پر تنقید کی گئی۔ تنقید کے بعد عائزہ خان نے منگل کی شب انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے فلسطین سے متعلق کچھ بھی پوسٹ نہ کرنے کے سوال کا جواب دیا۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'مجھے علم ہے کہ روزانہ فلسطینیوں کے لیے دعا کرنا پوسٹ کرنے سے زیادہ بہتر ہے، برائے مہربانی دعا کریں جتنا آپ کرسکتے ہیں اور اس پلیٹ فارم پر دوسروں پر انگلی اٹھانے اور تنقید کرنے سے گریز کریں، ہم سب کے بچے اور چاہنے والے ہیں اور ہم سب اس غم (فلسطینیوں پر ظلم) کو محسوس کرسکتے ہیں'۔ اپنی پوسٹ میں عائزہ نے مزید لکھا تھا کہ ’ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ وہ سب کس تکلیف سے گزر رہے ہیں لیکن مجھے میرے رب پر یقین ہے اور مجھے امید ہے اللہ پاک بہت جلد انہیں انصاف دلائے گا، آمین'۔ تاہم اداکارہ عائزہ خان کی جانب سے یہ پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کی وجہ فی الحال سامنے نہیں آئی۔ خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار 569 سے زائد ہوگئی۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اب تک اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے افراد میں 4 ہزار 324 بچے،2 ہزار 823 خواتین اور 649 معمر افراد بھی شامل ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔