ویب ڈیسک: وزیر اعلی خیبر پخوتنخوا علی امین گنڈاپور کے 15 دن بعد عمران خان کو خود رہا کرانے کے بیان پر وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف کا ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے علی امین گنڈاپور کو کہا ہے کہ وہ اپنے الفاظ پہ قائم رہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں خطاب کے دوران بنگلہ دیش کا حوالہ اور پشتونوں کا لشکر لے کر پنجاب آنے کے تذکرے پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس شخص سے اپنے حلقے میں امن قائم نہیں ھو سکتا۔ اگر اتنے لشکر ہیں اس کے پاس تو دہشت گردی کنٹرول کر لے یا پھر مانے کہ یہ دہشت گردوں کے حلیف ہیں۔‘
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ عمران خان کو 15 دن بعد خود رہا کروانے کے بیان پر قائم رہنا۔‘
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو اپنی تقریر میں یہ بھی بتانا تھا کہ وہ پہلی دفعہ شہباز شریف کو ملنے کس کی ہدایت پر آئے تھے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اتوار کو اسلام آباد کے علاقے سنگجانی کی مویشی منڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب میں عمران خان کی رہائی کے لیے حکومت کو ڈیڈ لائن دی ہے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وکلا نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کے خلاف مقدمات ختم ہو چکے ہیں۔ ’ایک سے دو ہفتے میں قانونی طور پر عمران خان رہا نہ ہوا تو ہم پھر انہیں خود رہا کریں گے، میں آپ کی قیادت کروں گا اور پہلی گولی میں کھاؤں گا اور آگے میں ہوں گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر پیچھے ہٹے تو نہ دوبارہ ایسا موقع ملے گا، نہ دوبارہ ایسا لیڈر ملے گا۔ ایسی قوم ملے گی اور نہ ایسا جذبہ ملے گا۔‘