لاہور ( پبلک نیوز ) قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اپوزیشن اتحاد حمزہ شہباز کو وزیراعلی پنجاب منتخب کروانے کیلئے سرگرم ہیں۔اپوزیشن اتحاد کی جانب سے دوسوسے زائد ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر حمزہ شہباز شریف کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زندہ باد، آئین و قانون زندہ باد۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پاکستان کا ایک بھیانک دور سے امید کی طرف کا سفر سب کو مبارک ہو۔ساڑھے تین سالوں میں قوم کو بدترین حکمرانی، مہنگائی اور غربت کی چکی میں پیس دیا گیا۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ اس عرصے میں قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی اور منفی پراپگینڈا بھی کیا گیا ،آئین و قانون کی دھجیاں اڑائیں گئیں ،آئین شکنی کی گئی اور عام پاکستانیوں کی آنکھوں سے خواب نوچ لئے گئے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پہلے بھی پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا تھا ،اور اب یہ سفر دوبارہ سے شروع کریں گے۔ مسلم لیگ ن کی سینیر رہنما عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے مزید ارکان بھی ہمارے ساتھ رابطے کر رہے ہیں اور اپوزیشن اتحاد کے ایم پی نجی ہوٹل میں مقیم ہیں۔اراکین اسمبلی کو وزیراعلی پنجاب کیلئے ہونیوالی ووٹنگ تک اکٹھےہوٹل میں ہی روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لیگی ذرائع کے مطابق غیر متعلقہ افراد سے ملاقاتوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ انہیں موبائل میں غیر محفوظ نمبر سے آنے والی کال بھی نہ اٹنیڈ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔