اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں کہ مشکلات اور چیلنجز ابھی بھی درپیش ہیں، اتحادی حکومت مل کر ملک کو تمام بحرانوں سے نجات دلائے گی۔ آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں قومی اسمبلی ہال میں منعقدہ کنونش میں آئین کی گولڈن جوبلی قرارداد پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 10 اپریل پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے۔ انہوں نے کنونشن میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مواقع پر آئین میں ہونے والی ترامیم کے باوجود یہ زندہ ہے۔ ملک میں آئین کی حکمرانی عدال اور انصاف کے بول بالا کیلئے مختلف نظریات اور سوچ رکھنے والی جماعتوں نے مل بیٹھ کر آئین مرتب کیا، ذوالفقار علی بھٹو شہید، مولانا مفتی محمود، مولانا شاہ احمد نورانی سمیت دیگر زعماء نے ایسا کارنامہ سرانجام دیا جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ شہبا زشریف نے کہا کہ 1999 میں پہلی مرتبہ نظریہ ضرورت کو ایجاد کیا گیا اور کس طرح ایک چیف جسٹس نے ایک ڈکٹیٹر کو 7 سال کی رعایت دے دی، آئین کو بسا اوقات ری رائٹ بھی کیا گیا، 1973 کا آئین مرتب کرنے والوں نے ایک تاریخ رقم کی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے ملک کو مشکل حالات سے بچانے کیلئے حکومت سنبھالی، جب ہم برسراقتدار آئے تھے تو کہا جا رہا تھا کہ یہ اتحادی حکومت ایک ماہ بھی نہیں چلے گی، آج ایک سال ہو گیا ہے، چیلنجز اور مشکلات ضرور ہیں لیکن جب ٹھان لیں کہ مل کر چلنا ہے اور کام کرنا ہے تو آپ آگے بڑھتے ہیں۔ آئین سازوں کو سلام پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آئین مرتب کرنے والوں نے محاذ آرائی کی بجائے مفاہمت کا راستہ اختیار کیا اور پاکستان کو ایک متفقہ آئین دیا۔ تمام تر ترامیم اور مشکلات کے باوجود آئین نے چاروں وفاقی اکائیوں کو ایک لڑی میں پرو رکھا ہے اور قیامت تک پرو کے رکھے گا۔