کراچی ( پبلک نیوز) کراچی میں پسند کی شادی کرنے والی کانتا کمار کی پراسرار موت کا معمہ حل ہو گیا ، کانتا کماری نے خود کشی نہیں کی بلکہ اس کا قتل کیا گیا ہے۔ اس کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے، عدالت نے پولیس سے چالان طلب کر لیا تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں کانتا کماری کی پراسرار موت کے کیس کی سماعت ہوئی جہاں پر آج میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی ۔ چار رکنی میڈیکل بورڈ کی طرف سے تیار کردہ میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ کانتا کماری کے موت کی وجہ خود کشی ہرگز نہیں بلکہ اس کا موت کی وجہ دم گھٹنا ہے ، اس کا سانس روکا گیا اور کسی چیز سے اس کے منہ پر وزن ڈالا گیا، اس کے علاوہ کانتا کماری کے جسم پر تشدد کے نشان بھی ہیں۔ میڈیکل رپورٹ میںیہ واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ کانتا کماری نے خود کشی نہیں کی بلکہ اس کا قتل کیا گیا، معزز عدالت نے میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر چالان طلب کر لیا ہے، مدعی مقدمہ نے الزام عائد کیا تھا کہ 5 جون کو اس کی بہن کو قتل کیا گیا ہے ۔ کراچی میں 32 سالہ کانتا کماری کا سسرال نے پراسرار قتل اسی سال جون کے مہینے میں ہوا تھا۔ جب دو متضاد شکوک پر تفتیش کا عمل جاری رہا کہ آیا کانتا کماری کا مبینہ قتل اس کے شوہر نے کیا با کانتا کماری نے خود کشی کی تھی۔ کانتا کماری نے پسند کی شادی کی تھی اور اس کی موت کا معمہ بھی بہت پراسرار انداز میں آگے چلا جب اس کا شوہر اس کو زخمی ہونے والے ہسپتال لے گیا اور یہ کہا کہ اس کی بیوی گر گئی ہے مگر جب ڈاکٹر نے معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ کانتا کماری کی گردن پر تشدد کا نشانہ ہے جس پر اس نے کہا کہ یہ پولیس کیس ہے۔ کانتا کماری کا شوہر بجائے پولیس سٹیشن جانے کے اپنی بیوی کی میت کو گھر لے گیا اور چپ چاپ دفن کر دیا ۔ جب پولیس کو اس معاملے کو معلوم ہوا تو کانتا کماری کے شوہر آنند کو گرفتار کر لیا گیا اور پھر بعد ازاں کانتا کماری کی قبر کشائی کر کے اس کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا۔