ویب ڈیسک: سابق آل راونڈر عبدالرزاق نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے مقابلے میں زیادہ بہترین کرکٹرز پیدا کیے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں ملکوں کا تقابل کیا جائے تو یہ بات واضح ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کا زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابق آل راونڈر کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کا تقابل کرنا ہی غلط بات ہے، دونوں مختلف قسم کے کھلاڑی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور ویرات کوہلی نے ایک دوسرے کے خلاف بہت کم میچز کھیلے ہیں، اصل صورتحال کا اس وقت پتہ چلے گا جب یہ پلیئرز ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے اور ایک جیسی کنڈیشنز میں کھیلیں گے۔
عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ تاریخی طور پر دیکھا جائے تو پاکستان نے بھارت سے اچھے کرکٹرز پیدا کیے ہیں، اگر بڑے کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو انضمام الحق ، محمد یوسف، جاوید میانداد، سعید انور، ظہیر عباس اور اعجاز احمد پاکستان کے بڑے نام تھے۔
پاکستانی کپتان کے بارے میں رزاق کا کہنا تھا کہ وہ بہترین کھلاڑی ہیں، وہ کافی عرصے تک زرعی ترقیاتی بینک کی طرف سے کھیلتے رہے ہیں اور اس دوران انہوں نے کئی ریکارڈز بھی توڑے ہیں، پی سی بی کو اس اثاثے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے مقامی کوچز کی مدد لی جانی چاہیے تاکہ کھلاڑی آسانی سے اپنے مسائل بیان کر سکیں۔ غیرملکی کوچز کے ساتھ ابلاغ کے مسائل آتے ہیں جس کی وجہ انتظامیہ، کوچ اور کھلاڑی کے مابین ہم آہنگی نہیں بن پاتی۔