فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، ترجمان پاک فوج

فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، ترجمان پاک فوج
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ ہمارا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ یہ ایسا ہی ہے اور ایسا ہی رہے گا۔ غیر ضروری بحث نہ کی جائے، یہی سب کیلئے اچھا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کا راولپنڈی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ 9 مارچ کو پاکستانی حدود میں بھارت کی جانب سے ایک مشکوک چیز داخل ہوئی۔ پاکستان ایئر فورس نے اس چیز کی بھرپور مانیٹرنگ کی۔ اڑنے والی چیز گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ ہم اس واقعے کیخلاف انڈیا کیساتھ کسی قسم کی کوئی اشتعال انگیزی نہیں کر رہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ملک ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے آنے والا یہ فلائنگ اوبجیکٹ لگ بھگ 3 سے چار منٹوں تک پاکستان کی فضا میں پرواز کرتا رہا۔ یہ کیا چیز تھی، اس بارے میں ہمیں کوئی علم نہیں ہے۔ واقعہ جو بھی ہو، بھارت کو اس کا جواب دینا ہوگا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فلائنگ اوبجیکٹ کا پاکستانی حدود میں آنا بھارت کی ٹیکنالوجی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انھیں چاہیے کہ وہ اپنی ٹیکنالوجی پر توجہ دیں۔ بھارت سے آنے والی چیز نے پاکستانی حدود کے اندر 260 کلومیٹر تک سفر کیا۔ لیکن اڑنے والی اس چیز سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ امریکا کا کوئی شیڈول جاری نہیں ہوا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔