'الیکشن ہو گا لیکن پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر ہوں گے'

'الیکشن ہو گا لیکن پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر ہوں گے'
فیصل آباد: ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا دوسروں پر منی لانڈرنگ کا الزام لگانے والا عمران خان خود چور ہے، الیکشن ہو گا لیکن پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر ہوں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے ن لیگ کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں گھڑی چور کا نعرہ سب سے زیادہ زور وشور سے لگ رہا ہے، ملکی ترقی میں فیصل آباد کا اہم کردار ہے، فیصل آباد کا ورکرز کنونشن بھی فیصلہ کن ہو تا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ 2013 میں جب نواز شریف حکومت میں آئے تو بجلی اور گیس نہیں تھی، 2013 میں جب نواز شریف آئے تو 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی، 2013 میں نواز شریف حکومت میں آئے تو فیصل آباد کی فیکٹریاں چلنے لگیں، جب نواز شریف گیا تو یہ ملک بھی نیچے گیا، نواز شریف اوپر جاتا ہے تو ملک اوپر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ہاتھ عمران خان کے آئی ایم ایف معاہدے نے باندھے ہوئے ہیں، شہباز شریف نے رمضان المبارک میں 8 کروڑ عوام کو آٹا مفت دینے کیلئے کہا ہے، شہباز شریف نے حکم دیا ہے رمضان المبارک میں پنجاب کے عوام کو مفت آٹا دیا جائے، پنجاب والو! اپنے دشمن کو پہچانو اور صوبے سے اٹھا کر باہر پھینک دو، یہ نہ خود عوام کیلئے کوئی کام کرتا ہے نہ دوسروں کو کرنے دیتا ہے۔ لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ ملک نواز شریف کی قیادت میں ترقی کر رہا تھا لیکن پانامہ بینچ کو مصیبت پڑ گئی اور نواز شریف کو باہر کر دیا۔ پاکستان کی ترقی کا دشمن پانامہ بینچ تھا، جس دن نواز شریف کو نکالا اسی دن پاکستان سے پاکستان کی ترقی بھی نکل گئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا، عمران خان ملکی تاریخ کا سب سے بڑا فسادی ہے، عمران خان ہمیں آئی ایم ایف کے ہاتھوں رسوا کر کے چلا گیا، ذمہ دار کون ہے؟ انہو ں نے صرف نواز شریف کو نہیں نکالا بلکہ ایک بدعنوان اور نا اہل شخص کو قوم پر مسلط بھی کیا، جتنا بڑا جرم انہوں نے قوم کے ساتھ کیا ہے ، نسلیں انہیں معاف نہیں کریں گی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب تک مقدمات ختم نہیں ہوتے عمران خان کی ٹانگ سے پلستر نہیں اترے گا، بلڈنگ کا لنٹر 5 ماہ میں کھل جاتا ہے عمران خان کی ٹانگ کا پلستر نہیں اتر رہا ہے۔ عدالت بلاتی ہے تو کہتا ہے میری ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے، کہتا ہے میں بیمار ہوں،معذور ہوں، جب جلسہ کرنا ہو تو نہ ٹوٹی ہوئی ٹانگ یاد آتی ہے نہ 72 سال کی عمر یاد آتی ہے، عدالت کیلئے بیمار جلسوں کیلئے تیار، اس سے بڑا منافق نہیں دیکھا۔ چیف آرگنائزرز مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف جب عدلیہ بحالی تحریک کو لیڈ کر رہے تھے تو غیر ملکی حکمرانوں کے فون آئے، غیر ملکی حکمرا نوں نے کہا عدلیہ مخالف تحریک میں نہ جانا آپ کی جان کو خطرہ ہے، نواز شریف نے کہا نہیں میرے لوگ میرا انتظار کر رہے ہیں، میں جاؤں گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے تحریک انصاف کے کارکنان کا بھی خیال ہے، کیا کارکن لیڈر کی حفاظت کرتا ہے یا لیڈر کارکنوں کی حفاظت کرتا ہے؟ تمہیں تحریک انصاف کے کارکن کا خیال ہو نہ ہو مجھے ان کا خیال ہے۔ ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا دوسروں پر منی لانڈرنگ کا الزام لگانے والا عمران خان خود چور ہے، الیکشن ہو گا لیکن پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر ہوں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔